جگن موہن ریڈی آج عدالت میں پیش ہونگے

   

غیر محسوب اثاثہ جات کا مقدمہ
امراوتی / حیدرآباد 9 جنوری ( پی ٹی آئی )چیف منسٹر آندھرا پردیش وائی ایس جگن موہن ریڈی کل غیر محسوب اثاثہ جات کے مقدمہ میں کل حیدرآباد میں سی بی آئی کی خصوصی عدالت میں حاضر ہونگے ۔ خصوصی عدالت کے جج نے 3 جنوری کو جگن کو ہدایت دی تھی کہ وہ سماعت میں شخصی طور پر حاضر رہیں۔ شخصی حاضری سے استثنی کی ان کی درخواست کو مسترد کردیا گیا تھا ۔ کہا گیا ہے کہ جگن موہن ریڈی نامپلی میں ٹرائیل عدالت میں صبح 10.30 بجے حاضر رہیں گے اور وہ دو بجے تک وہاں رہیں گے ۔ ان کے دفتر سے جاری شیڈول میں یہ بات بتائی گئی ہے ۔ 30 مئی کو آندھرا پردیش کے چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لینے کے بعد اس مقدمہ میں جگن کی عدالت میں پہلی مرتبہ حاضری ہوگی ۔ اس سے قبل بھی جگن موہن ریڈی کئی مہینوں تک مقدمات کی سماعت میںشخصی طور پر حاضر نہیں ہوئے تھے کیونکہ وہ انتخابی مہم میں مصروف تھے ۔جگن کو کئی مقدمات کا سامنا ہے ۔ 11 مقدمات میں ان کے خلاف چارچ شیٹ پیش کی گئی تھی ۔ یہ مقدمات جگن کی مختلف کمپنیوں میں سرمایہ کاری سے متعلق ہیں جب ان کے والد راج شیکھر ریڈی آندھرا پردیش کے چیف منسٹر تھے ۔