جگن موہن ریڈی پر بھروسہ کریں گے تو جیل جائیں گے

   

تلگودیشم پارٹی پر اعتماد کرنے پر ملازمتیں فراہم ہوںگی: چندرا بابو نائیڈو
حیدرآباد۔/17 مارچ، ( سیاست نیوز) قومی صدر تلگودیشم پارٹی و چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے ریاست میں منعقد ہونے والے اسمبلی و پارلیمانی انتخابات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ان انتخابات میں ریاست آندھرا پردیش کو لوٹنے کیلئے چوروں کی ٹولی ریاستی عوام سے رجوع ہوگی۔ لیکن ان چوروں کی ٹولی ( وائی ایس آر کانگریس پارٹی ) سے چوکس و چوکنا رہنے کی ریاستی عوام ( آندھرا پردیش کے عوام ) سے پرزور اپیل کرتے ہوئے ریاست آندھرا پردیش کی تیز رفتار ترقی کو یقینی بنانے والی تلگودیشم پارٹی کے امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی خواہش کی۔ مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے آج اضلاع سریکا کلم، وجیا نگرم اور وشاکھاپٹنم میں منظم کردہ تلگودیشم پارٹی کے انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں ووٹ مانگنے کا سوائے تلگودیشم پارٹی کے کسی اور پارٹی کو ہرگز کوئی حق حاصل نہیں ہے۔ کیونکہ ریاست آندھرا پردیش کی تیز رفتار ترقی کو یقینی بنانے کیلئے پانچ سال تک تلگودیشم پارٹی نے دن رات سخت محنت کی ہے۔چیف منسٹر آندھرا پردیش نے ریاستی عوام بالخصوص نوجوانوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی صدر مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی پر بھروسہ و اعتماد کریں گے تو جیل جانے کے سوا کوئی اور راستہ نہیں رہے گا۔ جبکہ تلگودیشم پارٹی پر بھروسہ و اعتماد کرنے پر ملازمتیں فراہم ہوں گی۔انہوں نے وائی ایس ویویکانندا ریڈی کے پیش آئے قتل واقعہ کی سخت مذمت کی۔ مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ ریاست آندھرا پردیش کیلئے فی الوقت تین مودی پائے جارہے ہیں ایک نریندر مودی اگر برقی فراہم نہ کریں تو دونوں پارٹیاں یعنی وائی ایس آر کانگریس پارٹی اور تلنگانہ راشٹرا سمیتی کارکرد ہی نہیں رہیں گے اور مسٹر کے چندر شیکھر راؤ اگر برقی سوئچ آن نہ کریں گے تو ریاست آندھرا پردیش میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی کا ’ فیان ‘ ہرگز گھومے گا نہیں۔