سرمایہ کاروں کوراغب کرنے وزارت خارجہ سے اشتراک
امراوتی 8 اگسٹ ( پی ٹی آئی ) حکومت آندھرا پردیش کی جانب سے وزارت خارجہ کے اشتراک سے وجئے واڑہ میں کل جمعہ کو ایک روزہ سفارتی رسائی پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا جا رہا ہے جب چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی ریاست میںسرمایہ کاری کیلئے راغب کرنے کی کوشش کرینگے ۔ چیف منسٹر کے دفتر کے اعلی سطح کے ذرائع نے کہا کہ تقریبا 35 ممالک کے سفیر یا پھر قونصل جنرل امکان ہے کہ اس پروگرام میںشرکت کرینگے جہاں جگن موہن ریڈی کچھ منتخبہ سفارتکاروں سے دو بدو ملاقات بھی کریں گے ۔ یہ پروگرام حالانکہ کوئی سرمایہ کار چوٹی کانفرنس نہیں ہے تاہم اس کے ذریعہ زیرو کرپشن کے حکومت کے عزم کو ظاہر کرنے کی کوشش کی جائے گی اور مختلف ممالک کے سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کی کوشش کی جائے گی ۔ چونکہ جگن موہن ریڈی کرپشن سے پاک حکمرانی فراہم کرنے کا عزم ظاہر کر رہے ہیں ایسے میں ان سے امید کی جا رہی ہے کہ وہ امکانی سرمایہ کاروں کے ساتھ ’ نو کرپشن ‘ معاہدات بھی کریں گے ۔ چونکہ ریاست میں سابقہ چندرا بابو نائیڈو حکومت نے کیا موٹر کے ساتھ اسی طرح کا معاہدہ کیا تھا جگن موہن ریڈی حکومت بھی اسی راستہ کو اختیار کرتے ہوئے سرمایہ کاروں میں اعتماد پیدا کرنا چاہتی ہے ۔ چیف منسٹر کے دفتر سے جاری ایک اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سابقہ حکومت نے اس طرح کی ایک مثال پہلے ہی قائم کی تھی اور اب موجودہ حکومت بھی اسی راستہ کو اختیار کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے ۔
