جگن موہن ریڈی کی گورنر ای ایس ایل نرسمہن سے ملاقات

   

آندھرا پردیش کی فہرست رائے دہندگان میں بڑے پیمانے پر دھاندلیوں کی شکایت،چندرا بابو نائیڈو کا دہلی میں دھرنا مضحکہ خیز

حیدرآباد۔/9 فروری، ( سیاست نیوز) وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے صدر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے آج گورنر ای ایس ایل نرسمہن سے ملاقات کرتے ہوئے آندھرا پردیش میں فہرست رائے دہندگان میں بے قاعدگیوں اور پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں کی جانبدارانہ کارروائیوں کی شکایت کی۔ انہوں نے پارٹی قائدین کے ہمراہ گورنر کو تفصیلی یادداشت پیش کی جس میں کہا گیا ہے کہ چندرا بابو نائیڈو حکومت نے لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات میں کامیابی کیلئے فہرست رائے دہندگان میں بڑے پیمانے پر دھاندلیاں کی ہیں۔ انہوں نے گورنر سے اپیل کی کہ وہ اس معاملہ میں فوری مداخلت کریں اور بوگس ناموں کی فہرست سے برخواستگی کو یقینی بنائیں۔بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جگن موہن ریڈی نے کہا کہ فہرست رائے دہندگان میں بوگس ناموں کی شمولیت کے سلسلہ میں تفصیلی طور پر واقف کرایاگیا۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں نئی دہلی میں الیکشن کمیشن آف انڈیا سے کی گئی نمائندگی سے بھی واقف کراچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تقریباً 59 لاکھ بوگس ووٹ فہرست رائے دہندگان میں شامل کئے گئے جنہیں فوری نکالنے کی ضرورت ہے۔ سرکاری مشنری کا بیجا استعمال کرتے ہوئے چندرا بابو نائیڈو غیر جمہوری اقدامات کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فرضی انتخابی سروے کے ذریعہ عوام پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے رائے دہندے جو تلگودیشم کو ووٹ نہیں دیتے ان کی نشاندہی کرتے ہوئے ناموں کو فہرست سے خارج کردیا گیا۔ پولیس کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرنے کی تفصیلات بھی گورنر کے سامنے پیش کی گئیں۔ نئی دہلی میں چندرا بابو نائیڈو کے مجوزہ دھرنا کو مضحکہ خیز قرارد یتے ہوئے جگن موہن ریڈی نے کہا کہ آندھرا پردیش کو خصوصی موقف کے سلسلہ میں نائیڈو نے کبھی بھی دلچسپی نہیں دکھائی تھی لیکن این ڈی اے سے علحدگی کے ساتھ ہی انہیں خصوصی موقف کا مطالبہ یاد آچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی اے میں شمولیت کے وقت چندرا بابونائیڈو نے کہا تھا کہ آندھرا پردیش کو خصوصی موقف سے زیادہ خصوصی پیاکیج سے فائدہ ہوگا۔ اب جبکہ اپوزیشن جماعتیں خصوصی موقف کیلئے جدوجہد کررہی ہیں چندرا بابو نائیڈو شکست کے خوف سے اس مطالبہ پر دھرنا دے رہے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ اپوزیشن پر سیاست کرنے کا الزام عائد کرنے والے نائیڈو آج کیوں اسی مسئلہ پر دھرنا دے رہے ہیں۔ انہوں نے آندھرا پردیش سے ناانصافیوں کیلئے چندرا بابو نائیڈو کو ذمہ دار قرار دیا اور کہا کہ این ڈی اے میں شمولیت اور مرکزی کابینہ میں وزراء کی موجودگی کے وقت نائیڈو نے کبھی بھی آندھرا پردیش کے مسائل پر جدوجہد نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش تنظیم جدید قانون میں آندھرا پردیش سے جو وعدے کئے گئے تھے ان کی تکمیل نہیں کی گئی۔