جگن موہن ریڈی کے چیف منسٹر بننے پر روجا کی خواہش کی تکمیل

   

Ferty9 Clinic

رکن اسمبلی کی حیثیت سے حلف برداری کے بعد میڈیا سے خطاب
حیدرآباد ۔ 12 جون (سیاست نیوز) سینئر قائد وائی ایس آر کانگریس پارٹی و رکن اسمبلی شریمتی آر کے روجا نے کہا کہ ہم تمام (وائی ایس آر کانگریس پارٹی قائدین) کی یہی خواہش تھی کہ مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی چیف منسٹر آندھراپردیش کے عہدے پر فائز ہوں اور اب یہ خواہش پوری ہوچکی ہے۔ آج آندھراپردیش اسمبلی کے رکن کی حیثیت سے حلف لینے کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جگن موہن ریڈی چیف منسٹر عہدہ پر فائز ہوگئے ہیں تو ہم سب بھی فائز ہوجانے کے برابر ہیں۔ انہوں نے بعض گوشوں سے انہیں کابینہ میں شامل نہ کئے جانے پر ان پر ناراض ہوجانے سے متعلق پھیلائی جانے والی اطلاعات کی تردید کی اور کہا کہ انہیں کسی بھی عہدہ کی اب خواہش نہیں ہے کیونکہ ان کے قائد جگن موہن ریڈی چیف منسٹر عہدہ پر فائز ہوچکے ہیں۔ انہوں نے غلط اطلاعات پر برہمی کا اظہار کیا اور بتایا کہ جگن موہن ریڈی کے چیف منسٹر عہدہ پر فائز ہونے کے بعد ملاقات نہیں کی تھی جس کے پیش نظر گذشتہ دن تاڑے پلی میں واقع کیمپ آفس پہنچ کر خیرسگالی ملاقات کی اور جھوٹ پر مبنی اطلاعات کی وضاحت بھی کی ہیں۔ اسی دوران وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے ذرائع نے بتایا کہ چیف منسٹر نے شریمتی روجا کو طلب کرکے ملاقات کرتے ہوئے ان میں پائی جانے والی ناراضگی کو ختم کرنے کیلئے تفصیلی صورتحال سے واقف کروایا اور سمجھا جاتا ہیکہ مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے شریمتی آر کے روجا کو آندھراپردیش انڈسٹریل انفراسٹرکچر کارپوریشن کا صدرنشین نامزد کرنے کا واضح تیقن دیا ہے۔