جگن نے سابق میں دو مرتبہ چچا پر ہاتھ اُٹھایا تھا۔ہرشا کمار کا سنسنی خیز انکشاف

   

حیدرآباد۔/17مارچ، ( سیاست نیوز) سابق رکن پارلیمان و غیر متنازعہ سیاسی قائد تصور کئے جانے والے مسٹر ہرشا کمار جن کی تلگودیشم پارٹی میں شمولیت یقینی ہوچکی ہے، آج صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی سے متعلق سنسنی خیز ریمارکس کرتے ہوئے کہا کہ مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے اپنے چچا مسٹر وائی ایس ویویکانندا ریڈی پر سابق میں دو مرتبہ ہاتھ چلایا تھا۔ جس کے تمام ارکان پارلیمان کانگریس پارٹی آندھرا پردیش گواہ کے طور پر موجود تھے۔ مسٹر ہرشا کمار نے بتایا کہ اس واقعہ کی اس وقت شریمتی سونیا گاندھی سے ارکان پارلیمان نے شکایت کی تھی۔ جس پر شریمتی سونیا گاندھی نے فوری ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی کو فون پر ربط پیدا کرکے ان کے فرزند مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کو قابو میں رکھنے کی ہدایت دی تھی۔ تب ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی نے شریمتی سونیا گاندھی سے فوری معذرت خواہی کی تھی ۔ مسٹر ہرشا کمار نے مسٹر وائی ایس ویویکا نندا ریڈی کے پیش آئے قتل واقعہ کے بعد ریاست میں پائے جانے والے حالات پر اپنا اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے سال 2006 میں اپنے چچا مسٹر وائی ایس ویویکا نندا ریڈی پر دو مرتبہ ہاتھ چلایا تھا۔ لیکن آج ان کے (مسٹر ویویکانندا ریڈی کے ) قتل واقعہ کے ذریعہ مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی عوامی ہمدردی حاصل کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔