جگن نے چار راجیہ سبھا امیدواروں کو بی فارم حوالے کیا

,

   

حیدرآباد۔ 11 مارچ (سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھراپردیش وائی ایس جگن موہن ریڈی نے راجیہ سبھا کی چار نشستوں کے لیے پارٹی امیدواروں کو آج بی فارم حوالے کیا۔ سی ایم کیمپ آفس میں چاروں امیدواروں نے چیف منسٹر سے ملاقات کی۔ ریاستی وزراء پی سبھاش چندر بوس اور موپی دیوی وینکٹ رمنا کے علاوہ ایودھیا رام ریڈی اور پرمیلا نتیانی کو وائی ایس جگن موہن ریڈی نے بی فارم حوالے کیا۔ دونوں وزراء قانون ساز کونسل کے رکن کی حیثیت سے کابینہ میں شامل کئے گئے تھے، اب انہیں راجیہ سبھا کے لیے امیدوار بنایا گیا ہے۔ جگن موہن ریڈی حکومت نے قانون ساز کونسل تحلیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں اسمبلی میں قرارداد منظور کرتے ہوئے مرکز کو روانہ کی گئی۔ اسمبلی میں عددی طاقت کے اعتبار سے چاروں نشستوں پر وائی ایس آر کانگریس امیدواروں کی کامیابی یقینی ہے۔ جگن نے دو پارٹی قائدین کے علاوہ دو صنعت کاروں کو ٹکٹ دیا ہے ان میں ایک کا تعلق مکیش امبانی کی کمپنی سے ہے۔ پرچہ نامزدگی کے ادخال کی آخری تاریخ 13 مارچ ہے۔