جگن کی آج نریندر مودی سے ملاقات

,

   

نئی دہلی 25 مئی ( پی ٹی آئی ) وائی ایس آر کانگریس کے صدر و آندھرا پردیش کے منتخب چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کل اتوار کو دارالحکومت دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کرینگے ۔ جگن کی پارٹی آندھرا پردیش شاندار کامیابی حاصل کرچکی ہے ۔ اس نے لوک سبھا اور اسمبلی دونوں ہی انتخابات میں تلگودیشم کو پچھاڑ کر رکھ دیا ہے ۔ امکان ہے کہ وہ کل کی ملاقات میں مودی حکومت کو مسائل کی بنیاد پر باہر سے تائید فراہم کرنے کے تعلق سے بات چیت کرینگے ۔ اس ملاقات کو اس لئے بھی اہمیت حاصل ہوگئی ہے کیونکہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے انتخابی مہم کے دوران اعلان کیا تھا کہ ان کی پارٹی ایسی کسی بھی حکومت کی تائید کرنے تیار ہے جو آندھرا پردیش کو خصوصی موقف دے گی ۔ سرکاری ذرائع کے بموجب جگن موہن ریڈی کل صبح نئی دہلی پہونچیں گے اور دوپہر میں ان کی ملاقات مودی سے ہوگی ۔ ذرائع کے بموجب مودی سے ملاقات کے بعد جگن موہن ریڈی آندھرا پردیش بھون کے حکام کے ساتھ بھی بات چیت کرینگے ۔ جگن موہن ریڈی 30 مئی کو وجئے واڑہ میں چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لیں گے ۔ قبل ازیں انہیں سی ایل پی لیڈر منتخب کرلیا گیا تھا ۔