حلفنامہ داخل کرنے مزید ایک مہلت، جگن پر شرائط کی خلاف ورزی کا الزا م
حیدرآباد۔14 ۔جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھراپردیش وائی ایس جگن موہن ریڈی کی ضمانت کی منسوخی کے لئے دائر کردہ اپیل پر سی بی آئی کی خصوصی عدالت میں سماعت ہوئی ۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سی بی آئی کی جانب سے ابھی تک تحریری طورپر بیان داخل نہیں کیا گیا۔ سی بی آئی نے جواب داخل کرنے کیلئے 10 دن کا وقت مانگا۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ ابھی تک سی بی آئی کو دو مرتبہ موقع دیا گیا تاکہ جوابی حلفنامہ داخل کیا جائے۔ انہوں نے عدالت سے درخواست کی کہ سی بی آئی کو مزید وقت نہ دیا جائے۔ عدالت نے کہا کہ وہ تحقیقاتی ایجنسی سی بی آئی کو ایک موقع اور دے رہے ہیں۔ اس معاملہ کی آئندہ سماعت 26 جولائی کو ہوگی۔ درخواست گزار نے کہا کہ جگن مقدمہ کے تمام گواہ اور ملزمین آندھراپردیش میں اہم عہدوں پر فائز ہیں۔ چیف منسٹر مقدمہ کے سلسلہ میں ان پر بآسانی اثر انداز ہوسکتے ہیں۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے باغی رکن پارلیمنٹ شیورام کرشنم راجو نے درخواست دائر کی ہے ۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ چیف منسٹر نے ضمانت کی شرائط کی خلاف ورزی کی ہے ، لہذا ان کی ضمانت منسوخ کردی جائے ۔