جگن کے قریبی رکن پارلیمنٹ وجئے سائی ریڈی کو تلخ تجربہ،چیف منسٹر نے اچانک کار سے اترنے کو کہا

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد 7 مئی (سیاست نیوز) وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے رکن راجیہ سبھا وجئے سائی ریڈی کو آج اُس وقت تلخ تجربہ ہوا جب چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے وشاکھاپٹنم روانگی سے عین قبل اُنھیں اپنی گاڑی سے اُتار دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ تاڑے پلی میں واقع سرکاری قیامگاہ سے جگن موہن ریڈی وشاکھاپٹنم کے لیے روانہ ہورہے تھے۔ جگن کے انتہائی بااعتماد رکن راجیہ سبھا وجئے سائی ریڈی بھی اِس موقع پر موجود تھے اور وہ بھی جگن کے ہمراہ کار میں سوار ہوگئے۔ کچھ لمحوں کے بعد وجئے سائی ریڈی کو جگن نے کار سے اُترنے کا مشورہ دیا۔ اِس صورتحال سے پریشان ہوکر وجئے سائی ریڈی کار سے اُترے اور وہاں سے روانہ ہوگئے۔ سوشل میڈیا میں یہ منظر وائرل ہوگیا جس کے بعد سیاسی حلقوں میں مختلف تبصرے کئے جانے لگے۔ بتایا جاتا ہے کہ وزیر صحت اے نانی کو اپنے ساتھ وشاکھاپٹنم لیجانے کے لیے جگن نے وجئے سائی ریڈی کو کار سے اُترنے کا مشورہ دیا۔ وشاکھاپٹنم پہونچنے کے بعد عہدیداروں کے ساتھ ریلیف کے کاموں کے سلسلہ میں جائزہ اجلاس منعقد کرنے میں وزیر صحت کی موجودگی ضروری ہے لہذا جگن نے وجئے سائی ریڈی کو کار سے اُترنے کی صلاح دی۔