رانچی، 15 اگست (یواین آئی) جھارکھنڈ کے گورنر سنتوش کمار گنگوار نے آج یوم آزادی کے موقع پر رانچی کے مورہابادی گراونڈمیں منعقد ہ ریاستی تقریب میں پہلی بار پرچم کشائی کی اور پریڈ کی سلامی لی۔اس موقع پر گورنر گنگوار نے کہا کہ آج ملک اور دنیا جھارکھنڈ کی طرف دیکھ رہی ہے ۔ یہاں مواقع کی کوئی کمی نہیں ہے ۔بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری ہو، توانائی کے شعبے کی مضبوطی ہو، صنعتوں میں جدت کی پہل ہو، تعلیم اور صحت کے شعبے میں پیش رفت ہو، زراعت میں نئی اصلاحات کا نفاذ ہو یا کھیل کا میدان، آج ہر شعبے میں نئے مواقع ہم سب کے سامنے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جھارکھنڈ آج ملک کے ساتھ ترقی کی راہ پرگامزن ہے ۔ جھارکھنڈ نے اقتصادی ترقی کی شرح اور ترقی کے بہت سے اہم اشاریوں کو بہتربنا کر نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ترقی کے اس سفر میں یہاں کے نوجوانوں، کسانوں، خواتین اور صنعت کاروں نے بڑا اہم کردار ادا کیا ہے ۔ کسی بھی ریاست کی مجموعی ترقی کیلئے بہتر امن و امان ضروری ہے ۔ریاست میں بھائی چارہ، امن اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھناحکومت کی اولین ترجیح رہی ہے ۔