جھارکھنڈ میں احتجاج پر اسکول نےملالہ یوسف زئی کی تصویر ہٹا دی

   

رام گڑھ: جھارکھنڈ کے رام گڑھ ضلع میں ایک سرکاری اسکول میں طالبات کی حوصلہ افزائی کیلئے پاکستانی خاتون تعلیمی کارکن اور نوبل امن انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کی تصویر لگائی تھی۔اس پر زبردست احتجاج کیا گیا۔ایک عہدیدار نے بتا یا کہ احتجاج کے بعد تصویر کوہٹا دیا گیا ہے۔ اسکول انتظامیہ کی جانب سے 2014 میں امن کا نوبل انعام جیتنے والی ملالہ یوسف زئی کی تصویر لگانے کے بعد پنچایت کے نمائندوں اور مقامی لوگوں نے اسکول کے سامنے اس کے خلاف احتجاج کیا۔ احتجاجیوں کا کہنا تھا کہ پاکستان ہندوستان کیخلاف عسکریت پسندی کی حمایت کرتا ہے اور ہمارے ملک نے سرحد پار دہشت گردی کی بھاری قیمت چکا ئی ہے۔ اس لیے پاکستانی کارکن سے امن کا سبق لینے کی ضرورت نہیںہے۔ کول بیلٹ کجو میں گورنمنٹ پبلک اسکول کے ہیڈ ماسٹر رویندرا پرساد نے کہا کہ انہوں نے ایک ٹیچر کو یہ تصویر آویزاں کرنے کی اجازت دی تھی۔ خواتین کی تعلیم کیلئے ملالہ کی جدوجہد سے طالبات کی حوصلہ افزائی کیلئے ان سے مشورہ کیا گیا تھا۔ ملالہ نے خاص طور پر اپنے آبائی وطن سوات میں خواتین اور بچوں کی تعلیم کیلئے جدوجہد کی جہاں پاکستانی طالبان نے بعض اوقات لڑکیوں کے اسکول جانے پر پابندی عائد کردی تھی۔ ہیڈ ماسٹر نے بتا یاکہ احتجاج اور تنازعہ شروع ہونے کے بعد اسکول سے ملالہ کی تصویر ہٹا دی ہے۔