اسٹاف سلیکشن کمیشن امتحان کے پیش نظر انٹرنیٹ بند رکھنے کا فیصلہ
جھارکھنڈ میں 21 اور 22 ستمبر کو صبح 8 بجے سے دوپہر ڈیڑھ بجے تک انٹرنیٹ خدمات بند رہیں گی۔ اس کے تحت سبھی موبائل سروس پرووائیڈرس کے انٹرنیٹ، ڈاٹا اور وائی فائی خدمات پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں جمعہ کی شام محکمہ داخلہ، جیل اور آفات انتظامیہ کی چیف سکریٹری وندنا دادیل نے یہ حکم جاری کیا۔ جھارکھنڈ کی ہیمنت سورین حکومت کا یہ سخت فیصلہ ریاست میں جے ایس ایس سی کے مشترکہ گریجویشن سطح کے امتحان (سی جی ایل 2023) کو غیر جانبدارانہ اور منصفانہ طور سے مکمل کرانے کے مقصد سے لیا گیا ہے۔حکم نامہ میں ہے کہ جھارکھنڈ اسٹاف سلیکشن کمیشن (جے ایس ایس سی) کے توسط سے ریاستی حکومت کے محکموں میں مختلف خالی عہدوں کے لیے سی جی ایل امتحان۔2023 ہفتہ اور اتوار کو ریاست کے 24 اضلاع کے مختلف امتحان مراکز پر منعقد کئے جارہے ہیں ۔ امتحان کیلئے کْل 823 مراکز قائم کیے گئے ۔ تقریباً 6 لاکھ 40 ہزار امیدوار اس میں شامل ہوں گے۔جھارکھنڈ حکومت نے کہا ہے کہ گزشتہ برسوں میں یہ دیکھا گیا ہے کہ کچھ غلط لوگوں نے انٹرنیٹ، وائی فائی کنکٹیویٹی پر منحصر مختلف موبائل ایپلی کیشن جیسے فیس بْک، وہاٹس ایپ، ایکس، ٹیلی گرام اور یو ٹیوب کا استعمال کرکے غیر مناسب طریقہ کا سہارا لیا جس سے امتحانات میں بے قاعدگیوں کے امکان میں اضافہ ہوا ہے۔ اب حکومت امتحان کے عمل کو لے کر لوگوں کے ذہن میں شک و شبہ پیدا کرنے والی سرگرمیوں کو روکنے کے اقدامات کررہی ہے۔ہیمنت سورین نے بھی وارننگ دی ہے کہ ان امتحانات میں کسی نے غلط کرنے کی کوشش کی تو اسے پوری سختی سے نپٹا جائے گا۔ کسی طرح کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ جے ایس ایس سی امتحان کو لیکر حکومت کو خدشہ ہے کہ منظم گروپس سوشل میڈیا سے افواہ پھیلا کر امتحان کے عمل کو متاثر کرنے کی سازش کر سکتے ہیں۔21ستمبر کے امتحانات کا پر امن انعقادعمل میں آیا اور کل اتوار کو بھی امتحانات کے شفاف انداز میں منعقدہونے کی توقع ہے۔حالیہ عرصہ میں بعض ریاستوں میں پیپر لیگ اور بے قاعدگیوں کے واقعات کے بعد حکومت کے اس فیصلہ کی ستائش کی جارہی ہے ۔