جھارکھنڈ میں مسلم نوجوان کی ہجومی تشدد میں ہلاکت کے خلاف تنظیم انصاف کا احتجاج

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد۔ 26 جون (سیاست نیوز) آل انڈیا تنظیم انصاف کے زیر اہتمام ظہیر آباد ٹائون میں احتجاج منظم کیا گیا جھارکھنڈ میں مسلم نوجوان کو ہجومی تشدد کا نشانہ بنانے کے خلاف تنظیم انصاف کے کارکنوں نے یہ احتجاج منظم کیا۔ آل انڈیا تنظیم انصاف کے ضلعی صدر محمد اشفاق حسین کی قیادت میں احتجاج کے دوران ہجومی تشدد اور فرقہ پرست طاقتوں کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔ احتجاجیوں نے کہا کہ جھارکھنڈ کا واقعہ جمہوریت پر دھبہ ہے۔ مرکز کی بی جے پی حکومت نے اس واقعہ کی مذمت نہیں کی۔ نوجوان کو کئی گھنٹوں تک مارپیٹ کی گئی لیکن پولیس بچانے کے لیے نہیں پہنچی۔ زخمی کو دواخانہ منتقل کرنے کے بجائے اسے پولیس اسٹیشن لے جایا گیا جس کے سبب بروقت علاج نہ ہوسکا اور نوجوان کی موت واقع ہوگئی۔ تنظیم انصاف نے متعلقہ پولیس عہدیداروں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا۔ احتجاج میں حصہ لینے والے قائدین میں سکریٹری محمد اظہر الدین حافظ عبداللطیف، محمد مستان، ضلع سی پی آئی کونسل کے رکن شیخ افضل میاں، محمد محبوب، ساجد، دستگیر، معز، بچپا، راجواور چنا شامل ہیں۔