جھارکھنڈ میں پولیس اور نکسلیوں کا تصادم ،2اہلکار شہید

   

رانچی، 4ستمبر (یو این آئی) جھارکھنڈ کے پالامو ضلع کے مناتو۔کیدال جنگل میں نکسلیوں کے خلاف خصوصی آپریشن کے دوران کل رات دیر گئے انکاؤنٹر میں دو پولیس اہلکار شہید ہوئے اور ایک فوجی زخمی ہوا ہے۔ پولیس کو نکسلیوں کے خلاف ملی اطلاع کے مطابق نکسلی ششی کانت گنجھو جس پر ٹی ایس پی کی طرف سے 10 لاکھ روپے کا انعام رکھا گیا، اپنے ساتھیوں کے ساتھ ایک واردات کو انجام دینے کا منصوبہ بنا رہا تھا۔ جب پولیس ان کے کیڈل گاؤں پہنچی تو نکسلیوں نے فائرنگ شروع کردی، جوابی کارروائی کے دوران دو پولیس اہلکار سنیل رام اور سنتن مہتا (پنٹو) شہید ہوگئے ، جبکہ سپاہی روہت کمار زخمی ہوگیا۔ تصادم میں کچھ نکسلیوں کے زخمی اور مارے جانے کی بھی خبریں ہیں، لیکن ابھی تک ان کی لاشیں نہیں ملی ہیں۔
پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن تیز کر دیا گیا ہے ۔ زخمی فوجی کا علاج جاری ہے ۔ پالامو سپرنٹنڈنٹ آف پولیس رشما رمیشن نے اسپتال پہنچ کر زخمی فوجی سے ملاقات کی۔