حیدرآباد ،15 مئی (ایجنسیز) بالی ووڈ اداکارہ جھانوی کپور کے بارے میں یہ خبریں سامنے آرہی ہیں کہ انہوں نے فلم پیڈی کی تشہیری مہم سے خود کو دور رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے بعد فلمی حلقوں میں مختلف قیاس آرائیاں شروع ہوگئی ہیں۔ رپورٹس کے مطابق اداکارہ کا ماننا ہے کہ فلم میں ان کا کردار محدود نوعیت کا ہے، اسی لیے وہ بڑے پیمانے پر تشہیر میں حصہ لینے میں زیادہ دلچسپی نہیں رکھتی۔ ذرائع کے مطابق فلم کے پروڈیوسرز نے اداکارہ کو پروموشنل ایونٹس میں شرکت یا عدم شرکت کے حوالے سے مکمل آزادی دی تھی۔ بتایا جارہا ہے کہ جھانوی کپور نے اس پیشکش کے باوجود خود کو تشہیری سرگرمیوں سے الگ رکھنے کا فیصلہ کیا۔ بعض اطلاعات میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اداکارہ محسوس کرتی ہیں کہ ان کا کردار فلم میں مختصر ہے تو پھر ضرورت سے زیادہ تشہیر ناظرین میں غلط توقعات پیدا کرسکتی ہے۔فلم پیڈی میں جنوبی ہند کے سوپر اسٹار رام چرن مرکزی کردار ادا کررہے ہیں جبکہ ہدایت کاری کے فرائض بْچی بابو سانا انجام دے رہے ہیں۔ فلم کو ایک بڑے پین انڈیا اسپورٹس ڈرامہ کے طور پر پیش کیا جارہا ہے اور اس کے گانوں، پوسٹرز اور ابتدائی جھلکیوں کو شائقین کی جانب سے اچھا ردعمل ملا ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بھی فلم کی پروموشنل حکمت عملی پر سوالات اٹھتے رہے ہیں۔ بعض رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ اداکارہ کو جان بوجھ کر محدود انداز میں پیش کیا جارہا ہے کیونکہ ان کے کردار سے جڑا ایک اہم موڑ فلم کی کہانی میں بعد میں سامنے آئے گا۔ اسی وجہ سے فلم ساز ان کے کردار کو زیادہ نمایاں نہیں کرنا چاہتے۔ اداکارہ جھانوی کپور اس فلم میں اچیّاما نامی کردار ادا کررہی ہیں، جسے ایک مضبوط اور بے باک دیہی لڑکی کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔ فلم سے ان کے مختلف پوسٹرز اور لْک بھی جاری کیے جاچکے ہیں، جنہیں سوشل میڈیا پر ملا جلا ردعمل ملا تھا۔دوسری جانب سوشل میڈیا اور فلمی مباحثوں میں بعض مداحوں اور ناقدین کی جانب سے یہ بھی کہا جارہا ہے کہ فلم میں اداکارہ کا کردار زیادہ ترگلیمر تک محدود دکھائی دیتا ہے، جس کے باعث ان کی غیر موجودگی پروموشنز میں زیادہ حیران کن نہیں۔