جھگڑوں سے تنگ آکر بیوی کا قتل کرکے شوہر کی خودکشی

   

حیدرآباد : گھریلو تنازعات اور بیوی کے جھگڑوں سے تنگ آکر ایک شخص نے بیوی کا قتل کرنے کے بعد خودکشی کرلی۔ نارسنگی کے نیک نام پور علاقہ میں یہ واقعہ پیش آیا۔ پڑوسیوں کی جانب سے بدبو کی شکایت پر پولیس نے مکان کا دروازہ توڑ کر اس حقیقت کو آشکار کیا اور دونوں میاں بیوی کی نعش کو برآمد کرلیا۔ نارسنگی پولیس کے مطابق مقام واردات پر کلوز ٹیم کے ذریعہ تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے اور میاں بیوی کی شناخت کرلی گئی ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے بعد پولیس نے بتایا کہ 40 سالہ وینکٹا رتنم اور اس کی بیوی رتنا کماری نیک نام پور علاقہ میں رہتے تھے۔ چند ماہ سے گھریلو پریشانیوں میں میاں بیوی میں جھگڑے چل رہے تھے اور بیوی کے روزانہ کے جھگڑوں اور مسائل پیدا کرنے سے تنگ آکر وینکٹا رتنم نے اس کا قتل کردیا اور خودکشی کرلی۔ دونوں پیشہ سے مزدور تھے۔ ان کا آبائی مقام کاکیناڈا بتایا گیا ہے جو روزگار کی تلاش میں تین سال قبل شہر حیدرآباد منتقل ہوئے تھے جو نارسنگی کے نیک نام پور میں قیام پذیر تھے۔ پولیس نارسنگی نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔