نیشنل گرین ٹریبونل کو ایچ ایم ڈی اے کی رپورٹ
حیدرآباد۔14 ۔جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے تالابوں اور جھیلوں کے تحفظ کے لئے ہر ضلع میں خصوصی کمیٹیوں کے قیام کا فیصلہ کیا ہے ۔ حیدرآباد میٹرو پولیٹن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کی جانب سے گرین ٹریبونل میں پیش کردہ رپورٹ کے مطابق ہر ضلع میں لیک پروٹیکشن کمیٹیاں قائم کی جائیں گی تاکہ غیر مجاز قبضوں سے نمٹا جاسکے۔ شہر کے مضافاتی علاقوں میں واقع جھیلوں میں غیر مجاز قبضوںکی برخواستگی کیلئے پروٹیکشن کمیٹی ریونیو عہدیداروں کے ساتھ مشترکہ طور پر کام کرے گی۔ یہ کمیٹی اریگیشن اور اربن لوکل باڈیز کے اداروں کے ذریعہ غیر مجاز قبضوں کی تفصیلات حاصل کرے گی۔ ہر جھیل کا مکمل سروے کرتے ہوئے اس کے حدود کا تعین کیا جائے گا۔ سروے میں جھیل کے تحت موجود اراضی اور ناجائز قبضوں کی نشاندہی بآسانی ممکن ہے۔ عوام میں شعور بیداری کیلئے سروے کی تفصیلات ایچ ایم ڈی اے کے ویب سائیٹ پر پیش کی جائیں گی ۔ سنگا ریڈی ضلع کے امین پور منڈل میں 14 جھیلیں ہیں، ان جھیلوں میں 800 سے زائد غیر مجاز قبضوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ ایچ ایم ڈی اے کے تحت آنے والے 7 اضلاع کے ایڈیشنل کلکٹرس جھیلوں کے تحفظ کے کام کی راست طور پر نگرانی کر رہے ہیں۔