جیا بھادری نے سنجیدہ اداکاری سے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا

   

ممبئی، 9 اپریل(یو این آئی) بالی ووڈ کی معروف اداکارہ جیا بچن آج اپنی 78ویں سالگرہ منا رہی ہیں۔ جیا بھادری کی پیدائش 9 اپریل 1948 کو ایک بنگالی خاندان میں ہوئی تھی۔ ان کے والد ترون بھادڑی صحافی تھے ۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم سینٹ جوزف کانونٹ سے حاصل کی، جس کے بعد انہوں نے فلم اینڈ ٹیلی ویژن انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا میں داخلہ لیا۔ 1970 کی دہائی میں اداکارہ بننے کے خواب کے ساتھ انہوں نے فلمی دنیا میں قدم رکھا۔ جیا بچن کا فلمی سفر ہندوستانی سنیما کی تاریخ میں ایک اہم اور یادگار باب کی حیثیت رکھتا ہے ۔ انہوں نے نہ صرف اپنی معصوم اداکاری سے دل جیتے بلکہ سنجیدہ کرداروں میں بھی اپنی غیر معمولی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ جیا بھادری نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز 15 سال کی عمر میں مشہور ہدایت کار ستیہ جیت رے کی بنگالی فلم ’مہانگر‘سے کیا۔ اس کے بعد انہوں نے بنگالی کامیڈی فلم ’دھنی میئے ‘ میں بھی کام کیا، جو باکس آفس پر کامیاب رہی۔ انہیں ابتدائی کامیابی دلانے میں ہدایت کار رشیکیش مکھرجی کی فلموں کا بڑا کردار رہا۔ انہیں پہلا بڑا بریک 1971 میں ریلیز ہونے والی فلم ’گڈی‘سے ملا، جس میں انہوں نے ایک ایسی لڑکی کا کردار ادا کیا جو فلموں کی دیوانی ہے اور اداکار دھرمیندر سے محبت کرتی ہے ۔I/K