دبئی ۔ ٹیم انڈیا کے نوجوان اوپنر یشسوی جیسوال کی حالیہ کارکردگی کافی شاندار رہی ہے۔ آسٹریلیا کے خلاف کھیلے جا رہے بارڈر ۔گواسکر ٹرافی 2024 کے پہلے میچ میں ان کے بیٹ سے اہم سنچری دیکھنے کو ملی۔ یاد رہے کہ یہ سال جیسوال کے لیے ٹسٹ کرکٹ میں بہت اچھا رہا ہے۔ انہوں نے ہر سیریز میں ٹیم انڈیا کی جیت میں اہم رول ادا کیا ہے لیکن اس سب کے درمیان جیسوال کو بڑا نقصان بھی ہوا ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین ٹسٹ درجہ بندی میں انہیں نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ جیسوال نے آسٹریلیا کے خلاف پرتھ ٹسٹ میں161 رنز بنائے تھے۔ یشسوی جیسوال اس اننگز کے بعد جاری ہونے والی ٹسٹ رینکنگ میں دوسرے نمبر پر پہنچ گئے تھے ۔ انہوں نے کین ولیمسن اور ہیری بروک کو شکست دی تھی لیکن ہندوستانی ٹیم نے گزشتہ ہفتے کوئی میچ نہیں کھیلا جس کے بعد آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ نئی رینکنگ میں کین ولیمسن اور ہیری بروک ان سے آگے نکل گئے ہیں۔ یشسوی جیسوال کی ریٹنگ وہی 825 نشانات پر ہے جو پہلے تھی لیکن دوسری جانب کین اور ہیری بروک کی ریٹنگ ان سے زیادہ ہوگئی ہے۔ انگلینڈ کے جو روٹ ٹسٹ بیٹنگ رینکنگ میں 895 ریٹنگ کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں۔ اس کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ کے خلاف زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ہیری بروک کو اس بار رینکنگ میں سب سے زیادہ فائدہ ہوا ہے۔ اب وہ براہ راست دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ ہیری بروک کی ریٹنگ 854 ہوگئی ہے یعنی اب وہ اپنے ہی ساتھی جو روٹ کے لیے خطرہ بن گئے ہیں۔ اگر وہ اپنی فارم جاری رکھے تو وہ پہلا مقام بھی حاصل کر سکتے ہیں ۔ دوسری طرف یشسوی جیسوال کو بھی واپسی کا بڑا موقع ملنے والا ہے۔ ٹیم انڈیا کو6 دسمبر سے آسٹریلیا کے خلاف ٹسٹ سیریز کا دوسرا میچ کھیلنا ہے۔ رواں ہفتہ کوئی میچ نہ کھیلنے کی وجہ سے ویراٹ کوہلی کو تازہ ترین ٹسٹ رینکنگ میں بھی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اب وہ 689 کی رینکنگ کے ساتھ 14 ویں نمبر پرآ گئے ہیں۔ اس سے قبل وہ 13ویں نمبر پر تھے۔ شبمن گل بھی17ویں سے 18ویں مقام پر چلے گئے ہیں۔ تاہم رشبھ پنت چھٹے مقام پر برقرار ہیں۔ ان کا کوئی نقصان نہیں ہوا۔ دوسری جانب جسپریت بمراہ بولروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر برقرار ہیں۔