جیسوال کیلئے پرتھ میں بہتر شروعات فراہم کرنابڑا چیلنج

   

پرتھ ۔ ہندوستانی ٹیم گزشتہ کچھ عرصے سے ٹوٹنے کے خطرے سے دوچار ہے۔ نیوزی لینڈ کی حالیہ ٹسٹ سیریز اس کی سب سے بڑی مثال ہے۔ ٹیم کی اوپننگ جوڑی بھی اچھا آغاز دینے میں ناکام رہی ہے۔ یہ خطرہ آسٹریلیا میں ہونے والی بارڈر ۔گواسکر ٹرافی کے دوران مچل اسٹارک، پیٹ کمنز اور جوش ہیزل ووڈ جیسے خطرناک بولرزکے سامنے بھی موجود رہ سکتا ہے۔ خاص طور پر پرتھ کی تیز پچ پر طویل اننگز کھیلنا ہندوستانی بیٹرس کے لیے ایک بڑا چیلنج ہو سکتا ہے۔ سابق آسٹریلوی کرکٹر بریڈ ہیڈن پہلے ہی پرتھ ٹسٹ کے لیے یشسوی جیسوال سمیت پوری ٹیم کو خبردارکر چکے ہیں۔ ٹیم کے سابق کپتان آرون فنچ نے رشبھ پنت اور ایلکس کیری کو ایکس فیکٹر قرار دیا ہے۔ آسٹریلیا کے لیے 66 ٹسٹ کھیلنے والے بریڈ ہیڈن نے اپنے ساتھی کھلاڑی ایرون فنچ کے ساتھ بارڈرگواسکر ٹرافی پر تبادلہ خیال کیا۔ سننے والے اسپورٹس پوڈ کاسٹ پر گواہ رہے کہ ہیڈن نے پرتھ کی پچ کو خطرناک قرار دیا۔ ان کے مطابق ہندوستانی بیٹرس کے لیے وہاں طویل اننگز کھیلنا مشکل ہو گا۔ انہوں نے کہا مجھے نہیں لگتا کہ ہندوستانی بیٹرس ہمارے فاسٹ بولروں کے خلاف کھڑے ہوں گے۔ جیسوال کافی عرصے سے سب سے کامیاب ہندوستانی بیٹرس رہے ہیں۔ انہوں نے اوپننگ کے دوران شاندار بیٹنگ کی اور ٹیم کے لیے سب سے زیادہ رنز بنائے۔ اس کے باوجود ہیڈن کو آسٹریلیا میں انکی کارکردگی پر یقین نہیں ہے۔ انہوں نے جیسوال کو ایک اچھاکھلاڑی بتایا لیکن تجربہ کی کمی کی وجہ سے پرتھ کے اچھال کو سنبھالنے کی ان کی صلاحیت پر بھی شک ظاہرکیا۔ ہیڈن نے خاص طور پر پرتھ کے بارے میں کہا کہ جیسوال کے لیے اوپننگ کا کام مشکل ہونے والا ہے۔ ایرون فنچ نے بریڈ ہیڈن کی بات سے اتفاق کیا لیکن ہندوستانی ٹیم کے فاسٹ بولروں کو دیکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے ٹاپ آرڈرکو بھی مسائل کا سامنا ہے۔ ان کے مطابق دونوں ٹیموں کا ٹاپ آرڈر بکھر سکتا ہے۔ ایسے میں دونوں ٹیموں کے وکٹ کیپر ایکس فیکٹر ثابت ہو سکتے ہیں۔ فنچ نے کہا کہ ہندوستانی ٹیم کے لیے نمبر6 پر رشبھ پنت اور آسٹریلیا کے لیے7 ویں نمبر پر ایلکس کیری کی بیٹنگ5 میچوں کی ٹسٹ سیریز کے دوران بہت اہم ہونے والی ہے۔ کیونکہ دونوں بیٹرس بہت جارحانہ ہیں۔ ان کا کھیل مقابلے کا نقشہ بدل سکتا ہے۔