شری گنگا نگر: راجستھان کے ہنومان گڑھ میں ضلع جیل سے ایک ہفتہ کی عبوری ضمانت پر رہاقیدی کے پانچ ماہ بعد بھی واپس نہیں لوٹنے پر اس کے خلاف معاملہ درج کرایا گیا ہے ۔ ہنومان گڑھ جنکشن تھانہ پولس کے مطابق ضلع جیل کے چوکیدار وکاس کمار کے ذریعہ دی گئی رپورٹ کی بنیاد پر رویندر سنگھ ڈھلوں(26) رہائشی جے ٹھوکے تھانہ رام پورا پھول بٹھنڈا (پنجاب) کے فرار ہوجانے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ جیل چوکیدار وکاس نے بتایا کہ گزشتہ سال اکتوبر کے آخری ہفتہ میں روندر سنگھ ڈھلوں کی جودھ پور ہائی کورٹ سے ایک ہفتے کے لیے عبوری ضمانت منظور ہوئی تھی۔ اس کے ذریعہ ایک ایک لاکھ کے دو ضمانتیں دینے اور دو لاکھ کا نجی مچلکہ بھرنے پر چار نومبر کو اسے ایک ہفتے کے لیے جیل سے رہا کیا گیاتھا۔ ایک ہفتہ بعد اسے واپس جیل گیٹ پر حاضر ہونا تھا، لیکن وہ نہیں آیا اور نہ ہی کسی نے اس دوران اس کے غائب ہونے کی رپورٹ درج کرائی۔
رپورٹ کے مطابق ہنومان گڑھ صدر تھانہ حلقہ میں گزشتہ سال 24 فروری کو فور لین ہائی وے پر پولس گشت کے دوران ایک کار کی تلاشی کے دوران نشہ آور گولیاں برآمد ہونے کے معاملے میں روندر سنگھ کو گرفتار کیا گیا تھا۔