لندن۔ 5 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) برطانوی سیکریٹ ایجنٹ جیمس بانڈ 007 سیریز کی نئی فلم ’’نو ٹائم ٹو ڈائی‘‘ کی ریلیز کی تاریخ سات ماہ آگے بڑھا دی گئی ہے جس کی وجہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کا پھیل جانا بتائی گئی ہے۔ ’’نو ٹائم ٹوڈائی‘‘ ڈینئل کریگ کی بطور جیمس بانڈ آخری فلم ہے۔ کوروناوائرس یا کووڈ۔ 19 جو سب سے پہلے چین میں آیا تھا، نے دیکھتے ہی دیکھتے زائد از 70 ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے جن میں امریکہ، اٹلی اور ایران بھی شامل ہیں۔ قبل ازیں اس کی ریلیز برطانیہ میں 8 اپریل اور شمالی امریکہ میں 10 اپریل کو ہونے والی تھی۔ جیمس بانڈ کے خصوصی ٹوئیٹر اکاؤنٹ کے مطابق اب یہ فلم برطانیہ میں 12 نومبر اور امریکہ میں 25 نومبر کو ریلیز کی جائے گی جبکہ عالمی سطح پر اس کی ریلیز کی تاریخ کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔
