جینت۔اکھلیش ملاقات، آر ایل ڈی بھی اتحاد کا حصہ

   

لکھنؤ: 16 جنوری(سیاست ڈاٹ کام) عام انتخابات میں مرکز میں برسر اقتدار بی جے پی کے خلاف بنے اتحاد کا حصے بننے کوشاں راشٹریہ لوک دل کے نائب صدر جینت چودھری نے آج یہاں سماجوادی پارٹی(ایس پی) سربراہ اکھلیش یادو سے ملاقات کی۔ بات چیت کی کسی بھی تفصیل کے افشاء سے گریز کرتے ہوئے آر ایل ڈی کے ریاستی صدرمسعود احمد نے صحافیوں کو بتایا کہ ایس پی دفتر میں دونوں لیڈروں کے درمیان بند کمرے میں تقریبا ایک گھنٹہ تک اس ضمن میں تبادلہ خیا ل ہوا۔ ریاستی صدر نے کہا کہ انہیں اس ضمن میں کچھ بھی معلوم نہیں ہے حالانکہ چودھری کے مسکراتے چہرے سے جھلک رہا تھا کہ دونوں لیڈروں کے درمیان گفتگو کافی مثبت رہی۔ سیٹوں کی تقسیم کو سلسلے میں احمد نے کہا کہ پارٹی نے اتحاد سے چھ سیٹوں کا مطالبہ کیا تھا مگر اس بارے میں ابھی حتمی فیصلہ اعلی کمان اور اتحاد میں شامل پارٹیوں کو لینا ہے ۔ اتنا تو اب طے مانا جارہا ہے کہ مرکز کی تانا شاہ بی جے پی حکومت کو شکست فاش دینے کے لئے آر ایل ڈی ہر حال میں بی ایس پی اتحاد کا حصہ ہوگی۔ مسعود نے کہا کہ کسانوں کے خیر خواہ ہونے کا دم بھرنے والی بی جے پی کی میعاد کار میں کسان فاقہ کشی کرنے پر مجبور ہیں۔ کسانوں کو ان کی پیداوار کا دوگنا قیمت دلانے کا وعدہ کرنے والی حکومت میں بیج، کھاد کے قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے وہیں حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے آوارہ مویشی آئے دن کسانون کی لہلہاتی فصل کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب کسان کے کھیت میں پیداوار ہی نہیں ہوگی تو اسے دوگنی قیمت کیسے ملے گی۔ اس موقع پر ‘‘یو ابھارتی کرشک پارٹی کے صدر ڈاکٹر راجوردھن سنگھ پرمار نے اپنی پارٹی کا آر ایل ڈی میں ضم کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی کسان اور نوجوان مخالف پالیسوں سے پریشان ہوکر انہو ں نے یہ فیصلہ کیا ہے ۔