لکھنؤ 8 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) تیسری میعاد کے لئے رامپور لوک سبھا سیٹ سے بی جے پی امیدوار کی حیثیت سے مقابلہ کرنے والی اداکارہ سے سیاست داں بننے والی جیہ پردہ نے دوشنبہ کو سماج وادی پارٹی لیڈر اور اپنے حریف امیدوار اعظم خان پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ وہ (اعظم خاں) اپنی حرکتوں کو جائز ٹھہرانے کے لئے یہ انتخابات لڑرہے ہیں۔ جیہ پردہ نے ایک انٹرویو کے دوران بتایا کہ رامپور کے لوگوں سے ان کا جذباتی لگاؤ ہے۔ میں یہاں ان کے لئے کام کرنے کے لئے اور نریندر مودی کو ایک بار پھر وزیراعظم بنانے کے لئے آئی ہوں۔ جبکہ اعظم خاں اپنی حرکات کیلئے قانونی جواز پیدا کرنے کے لئے انتخاب لڑرہے ہیں۔ جیہ پردہ نے 2004 ء میں رامپور سیٹ سے کامیابی حاصل کرکے تاریخ بنائی تھی۔ اُنھوں نے اس مقابلے میں رامپور کی اس وقت کی کانگریس کی رکن پارلیمان بیگم نور بانو کو 85 ہزار ووٹوں سے ہرادیا تھا۔ جب جیہ پردا سے پوچھا گیا کہ وہ موجودہ لوک سبھا انتخابات اور اس سے قبل انتخابات میں کیا فرق محسوس کرتی ہیں، اُنھوں نے اس کے جواب میں بتایا کہ میرے اطراف بی جے پی کے کیڈر کے ہونے میں حالات بہت آسان ہوگئے ہیں۔
