جی ایس ٹی کی چوری کرنے والوں کے خلاف تلنگانہ حکومت کی کارروائی کاآغاز

   

حیدرآباد۔17 ۔نومبر(یواین آئی) تلنگانہ حکومت نے جی ایس ٹی چوری کرنے والے اداروں اورکمپنیوں پر توجہ مرکوز کردی جن کے خلاف کارروائی کا آغاز کردیاگیا ۔ چونکہ جاریہ سال جون سے مرکز کی طرف سے ریاست کو واجب الادا جی ایس ٹی کا معاوضہ روک دیا گیا ہے ، اسی لئے ریاستی کمرشیل ٹیکس ڈپارٹمنٹ نے اپنی آمدنی بڑھانے اقدامات کا آغاز کردیا ۔کمرشیل ٹیکس عہدیداروں نے مختلف کمپنیوں اوراداروں کی جانب سے داخل کردہ ریٹرنس کی جانچ شروع کردی ۔ساتھ ہی ضبط شدہ ریکارڈ کی جانچ کی جا رہی ہے ۔ ان کے ساتھ بعض دیگر بڑی کمپنیوں کی سرگرمیوں پر بھی نظر رکھی جارہی ہے ۔ان کے کاروباری لین دین اور مالی حیثیت کا جائزہ لیا جا رہا ہے ۔ ان کمپنیوں اور اداروں پر چھاپے مارے گئے اور ریکارڈ کو ضبط کیا گیا۔حال میں بی جے پی لیڈر راج گوپال ریڈی کے فرزند کی ملکیت والی سوشی انفراکمپنی پر چھاپے مار کر ریکارڈ ضبط کر لیاگیا۔ ضبط ریکارڈ کی جانچ ہورہی ہے ۔ بڑے اداروں کی تلاشی کے بشمول کم جی ایس ٹی اداکرنے والوں پر توجہ مرکوز کی جارہی ہے ۔ پرانے بقایہ جات وصولی کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ کمرشیل ٹیکس محکمہ نے آمدنی میں اضافہ کیلئے اس کارروائی کی ابتدا سوشی انفرا کمپنی سے کی ہے ۔