آج کونسل کے اجلاس میں ترقی پر بات کرنے وجئے لکشمی کا ارکان کو مشورہ
حیدرآباد۔ 29 جنوری (سیاست نیوز) میئر حیدرآباد جی وجئے لکشمی نے سنسنی خیز اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ جی ایچ ایم سی انتخابات میں حصہ نہیں لیں گے۔ جی ایچ ایم سی کونسل کا اجلاس منعقد ہونے سے ایک دن قبل میئر حیدرآباد کا یہ اعلان سیاسی حلقوں میں موضوع بحث بنا ہوا ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ بی آر ایس پارٹی کی جانب سے ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں اس سے قبل وجئے لکشمی اپنے مستقبل سے متعلق اعلان کرتے ہوئے سب کو حیرت زدہ کردیا ہے۔ جب میئر حیدرآباد سے ان کے خلاف پیش کئے جانے والی تحریک عدم اعتماد کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ بی آر ایس اور بی جے پی کو اس بارے میں کوئی علم نہیں ہے۔ تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کیلئے 98 ارکان کی تائید ضروری ہے جبکہ بی آر ایس کے پاس یہ تعداد موجود نہیں ہے۔ اگر ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرنا ہے تو 11 فروری سے قبل اس کی گنجائش نہیں۔ بی آر ایس کو ارکان کی تائید حاصل کرنے تک مارچ آجائے گا اور ان کی میعاد مکمل ہوجائے گی۔ میئر حیدرآباد نے بی آر ایس اور بی جے پی کے ارکان کو مشورہ دیا کہ ترقی کے مسئلہ پر بات کریں۔ صرف گڑبڑ کرنے کی کوشش کی گئی تو عوام میں ان کے تعلقات سے منفی پیام پہنچے گا جس کیلئے وہ خود ذمہ دار ہوں گے۔ 2