کمشنر پولیس کا اعلیٰ عہدیداروں کیساتھ اجلاس میں اہم اُمور پر غور
حیدرآباد: جی ایچ ایم سی انتخابات کے لئے وسیع تر بندوبست کے سلسلہ میں پولیس کمشنر حیدرآباد انجنی کمار نے سٹی پولیس کے تمام عہدیداروں کا ایک اجلاس منعقد کیا۔ انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ خیریت آباد اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پولیس کمشنر نے کہا کہ گزشتہ کے اسمبلی اور پارلیمانی انتخابات میں حیدرآباد پولیس کی نمایاں کارکردگی کے نتیجہ میں سٹی پولیس کو الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے ستائش حاصل ہوئی تھی۔ آئندہ ماہ منعقد ہونے والے جی ایچ ایم سی انتخابات میں بھی سٹی پولیس کے تمام عہدیدار اپنی کارکردگی کا بہترین مظاہرہ کریں۔ انہوں نے کہاکہ انتخابات کو پُرامن بنانے کیلئے ہر زاویہ سے پولیس کو کڑی نظر رکھنی ہوگی اور روڈی شیٹرس کی سرگرمیوں پر توجہ مرکوز کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے اور شہر میں فساد برپا کرنے والوں پر کڑی نظر رکھنا ضروری ہے۔ انجنی کمار نے کہا کہ گزشتہ انتخابات میں ہر پولیس عہدیدار کو الیکشن کے سلسلہ میں خصوصی ٹریننگ دی گئی تھی اور وہ اپنی کارکردگی کا بہتر مظاہرہ کریں۔ انجنی کمار نے مزید کہا کہ غیرضمانتی وارنٹس کی اجرائی کے علاوہ پابند مچلکہ پر بھی انسپکٹران اپنی خصوصی توجہ مرکوز کریں تاکہ انتخابات کے دوران کسی بھی قسم کی ناگہانی صورتحال کو روکا جاسکے۔ کمشنر پولیس نے کہا کہ لائسنس یافتہ اسلحہ کو ڈپازٹ کرنے کو یقینی بنانا چاہیئے اور انہوں نے امید ظاہرکی کہ ان انتخابات میں بھی پولیس کی بہترین کارکردگی سے سٹی پولیس کا نام پھر ایک مرتبہ روشن ہوگا۔اس اجلاس میں اڈیشنل کمشنر آف پولیس کرائمس شریمتی شیکھا گوئل، اڈیشنل کمشنر آف پولیس ٹریفک انیل کمار، جوائنٹ کمشنر آف پولیس اسپیشل برانچ ترون جوشی اور اڈیشنل کمشنر لاء اینڈ آرڈر مسٹر ڈی ایس چوہان بھی موجود تھے۔