جی ایچ ایم سی انتخابات، رہنمایانہ خطوط جاری

   

پرچہ نامزدگی کے موقع پر امیدوار کیساتھ صرف دو افراد کو اجازت
حیدرآباد : اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے گریٹرحیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کے لئے رہنمایانہ خطوط کی اجرائی عمل میں لائی ہے۔ کوویڈ بحران کے پیش نظر ان احکامات پر سختی سے عمل آوری کی ہدایت دی گئی ہے۔ پولنگ مراکز پہونچنے والوں کو لازمی ہوگا کہ وہ سنیٹائزر کے ساتھ فیس ماسک کا استعمال کریں اور سماجی فاصلہ کو برقرار رکھیں۔ پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے دوران امیدوار کے ساتھ صرف دو افراد کو آنے کی اجازت ہوگی اور گاڑیوں کی تعداد بھی دو سے زائد نہیں ہونی چاہئے۔ سکیورٹی عملہ کے ساتھ گھر گھر انتخابی مہم چلانے کے لئے صرف 5 افراد کو ہی اجازت رہے گی۔ انتخابی مہم کے دوران دو گاڑیوں کے درمیان کم از کم 100 میٹر کی دوری ہونی چاہئے۔ کورونا قواعد کے مطابق جی ایچ ایم سی، سرکل وارڈس کی سطح پر نوڈل ہیلت آفیسرس کا تقرر کیا جائے۔ انتخابی عملہ کیلئے بڑے ہالس میں تربیت کا اہتمام کیا جائے اور ورچول ٹریننگ سے بھی استفادہ کیا جائے۔ انتخابی عملہ میں کسی میں کورونا کی علامتیں پائی جانے کی صورت میں متاثرین کے بجائے دوسرے عملہ کی خدمات سے استفادہ کا ریٹرننگ آفیسرس کو مکمل اختیار رہے گا۔ کمشنر کی ذمہ داری ہے کہ وہ عملہ کو دستیاب رکھیں۔ معذورین، 80 سال سے زائد عمر کے افراد اور نوٹیفائیڈ ایمرجنسی خدمات سے وابستہ رہنے والے پوسٹل بیالٹ سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ ایک کاؤنٹنگ ہال میں 10 سے زیادہ کاؤنٹنگ ٹیبلس نہیں ہونا چاہئے۔