رائے دہی کے فیصد میں اضافہ کیلئے شعور بیدار کرنے کا فیصلہ، خصوصی ٹیموں کا تشکیل
حیدرآباد :۔ بلدی انتخابات کے لیے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے خصوصی کنٹرول روم قائم کرتے ہوئے انتخابی امور پر نظر رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ پولنگ اسٹیشنوں پر نظر رکھنے کے ساتھ ساتھ پولنگ اسٹیشنوں پر جاری ویب کاسٹنگ کا بھی اسی کنٹرول روم سے مشاہدہ کیا جائے گا ۔ بلدی حکام نے مجوزہ بلدی انتخابات میں رائے دہی کے فیصد میں اضافہ کے لیے بڑے پیمانے پر عوامی شعور بیداری کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس کے علاوہ رائے دہندوں میں ووٹر سلپس کی تقسیم کو عمل میں لانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ اس کے علاوہ شہر میں تشہیری پوسٹرس اور فلیکس کو ہٹانے کے لیے بلدیہ کی 20 خصوصی ٹیموں کو قائم کیا گیا ہے ۔ بلدیہ کمشنر کے جاری کردہ بیان کے مطابق انتخابات کے انعقاد کے لیے بلدیہ کے سینئیر عہدیداروں کو مقرر کیا جائے گا ۔ بتایا جاتا ہے کہ رائے دہی میں حصہ لینے والے معذورین کے لیے پولنگ اسٹیشنوں پر خصوصی انتظامات کئے جائیں گے اور ہر پولنگ اسٹیشن پر خصوصی وہیل چیر اور ریمپ قائم کئے جائیں گے ۔ اس کے علاوہ تمام پولنگ اسٹیشن پر عوام کے لیے بنیادی سہولیات ٹائیلٹ ، پینے کا پانی ، ریمپ کی سہولت فراہم رہے گی ۔ پرچہ نامزدگی کے ادخال کے آج پہلے دن امیدوار کے ساتھ صرف دو افراد کو نامزدگی کے لیے اجازت دی گئی ۔ اور ہر دن صبح 10 تا دوپہر 3 بجے تک پرچہ نامزدگی قبول کی جائے گی ۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے 150 بلدی ڈیویژن میں 74,04,286 رائے دہندے پائے جاتے ہیں ۔ جن میں مرد رائے دہندوں کی تعداد 38,56,770 اور خواتین رائے دہندوں کی تعداد 35,46,847 رائے دہندے پائے جاتے ہیں ۔ جب کہ دیگر کی تعداد 649 ہے ۔ بلدی حکام رائے دہی اور رائے شماری کے امور کے پرامن انتخابات کے لیے موثر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔۔