جی ایچ ایم سی انتخابات میں کامیابی پر ای چالانات بی جے پی ادا کریگی

   

جن کی کاریں ، بائیکس بہہ گئی ہیں انہیں نئی دلائی جائینگی اور 25 ہزار روپئے معاوضہ، بنڈی سنجے کا اعلان

حیدرآباد :۔ تلنگانہ بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد کے انتخابات میں بی جے پی کی کامیابی پر حالیہ سیلاب میں جن کی بائیکس ، کاریں ، آٹوز وغیرہ بہہ گئے ہیں وہ دوبارہ خرید کر دی جائے گی ۔ فرنیچرس کو جو نقصان پہنچا ہے اس کی بھی پابجائی کی جائے گی ۔ اس کے علاوہ گریٹر حیدرآباد میں بائیک چلانے والوں کے خلاف جو ای چالانات جاری کئے گئے ہیں ۔ وہ تمام چالانات بی جے پی ادا کرے گی ۔ اس کے علاوہ سیلاب کے متاثرین میں فی خاندان 25 ہزار روپئے ادا کیے جائیں گے ۔ تلنگانہ بی جے پی نے جی ایچ ایم سی کے انتخابات میں نوجوان طبقہ کی توجہ حاصل کرنے کے لیے خصوصی حکمت عملی تیار کرتے ہوئے کام کررہی اور جارحانہ موقف اختیار کرتے ہوئے اپنے آپ کو ٹی آر ایس کا متبادل کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ قومی بی جے پی نے گریٹر حیدرآباد پر خصوصی توجہ دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ بی جے پی کی جانب سے جی ایچ ایم سی انتخابات کے لیے خصوصی انتخابی منشور تیار کیا جارہا ہے ۔ جس میں مزید وعدے کرتے ہوئے عوام کو لبھانے کی جہاں ایک طرف کوشش کی جائے گی وہیں دوسری طرف جارحانہ موقف اختیار کرتے ہوئے اکثریتی طبقہ کی تائید حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ بی جے پی کے قومی قائدین بھی انتخابی مہم پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں ۔ مئیر کے عہدے پر قبضہ کرنے کے لیے بی جے پی تمام سیاسی ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے ۔۔