جی ایچ ایم سی انتخابات کیلئے ووٹر لسٹ کی تیاری کی ہدایت

,

   

ریاستی الیکشن کمیشن سے اعلامیہ جاری ۔ سکریٹری بلدی نظم و نسق و کمشنر جی ایچ ایم سی کی ملاقات
حیدرآباد۔ اس بات کے واضح اشارے دیتے ہوئے کہ جی ایچ ایم سی انتخابات معیاد کے اختتام سے قبل منعقد ہونگے ریاستی الیکشن کمیشن نے آج ایک اعلامیہ جاری کرتے ہوئے وارڈ کے اعتبار سے انتخابی فہرست رائے دہندگان کی تیاری اور اشاعت کا حکم دیا ہے ۔ اس سلسلہ میں فیصلہ پرنسپل سکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق اروند کمار اور کمشنر جی ایچ ایمسی لوکیش کمار کی ریاستی الیکشن کمشنر سی پارتا سارتھی سے ملاقات کے بعد کیا گیا ۔ اس ملاقات میں انتخابی عمل کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے کے تعلق سے غور کیا گیا ۔ اعلامیہ کے بموجب جی ایچ ایم سی کیلئے فہرست رائے دہندگان کی اجرائی 7 نومبر کو عمل میں آئے گی ۔ کمشنر جی ایچ ایم سی سیاسی جماعتوں کے نمائندوں سے 9 نومبر کو ملاقات کرینگے ۔ فہرست رائے دہندگان پر اعتراضات 11 نومبر تک حاصل کئے جائیں گے اور قطعی فہرست رائے دہندگان 13 نومبر کو شائع کی جائے گی ۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی معیاد 10 فبروری 2021 کو ختم ہو رہی ہے اور دستور کے دفعہ 243-U(3)(a) اور جی ایچ ایم سی ایکٹ کے دفعہ 7 کے تحت انتخابات کا عمل بلدیہ کی معیاد کے اختتام سے تین ماہ قبل مکمل کیا جانا چاہئے ۔ اروند کمارنے ریاستی الیکشن کمشنر کو وارڈز کی موجودہ حد بندی کو برقرار رکھنے حکومت کے احکام سے واقف کروایا ۔ انہوں نے الیکشن کمشنر سے کہا کہ جی ایچ ایم سی ایکٹ میں حالیہ ترمیم کے تحت جو وارڈز ایس ٹی ‘ ایس سی ‘ بی سی اور خواتین کیلئے مختص ہیں وہ مجوزہ انتخابات میں بھی برقرار رہیں گے ۔ اروند کمار نے ریاستی الیکشن کمیشن سے کہا کہ وہ جی ایچ ایم سی کے چوتھے عام انتخابات کا عمل شروع کریں کیونکہ موجودہ بلدیہ کی معیاد فبروری میں ختم ہو رہی ہے ۔ اس کے مطابق فہرست رائے دہندگان کی تیاری اور اشاعت وارڈ سطح پر کرنے کیلئے اعلامیہ جاری کیا گیا ہے ۔ ریاستی الیکشن کمشنر نے کمشنر بلدیہ اور الیکشن اتھاریٹی ‘ بلدیہ کو تجویز کیا کہ ساری جی ایچ ایم سی مشنری کو اب انتخابی عمل مکمل کرنے پر کام کرنا چاہئے ۔ انہوں نے ہدایت دی کہ وارڈ کی سطح پر فہرست رائے دہندگان ڈپٹی میونسپل کمشنر کی جانب سے پوری احتیاط کے ساتھ تیار کی جانی چاہئے ۔

دوباک میں آج شام سے
امتناعی احکام نافذ
حیدرآباد۔ کمشنر پولیس سدی پیٹ مسٹر ڈی جوئل ڈیوس نے کہا کہ دوباک اسمبلی حلقہ میں یکم نومبر کی شام 6 بجے سے 4 نومبر کی شام 6 بجے تک دفعہ 144 کے تحت امتناعی احکام نافذ رہیں گے ۔ دوباک حلقہ میں 3 نومبر کو اسمبلی کا ضمنی انتخاب ہوگا ۔ اپنے ایک بیان میں کمشنر پولیس نے عوام سے کہا کہ امتناعی احکام کے تحت پانچ یا پانچ سے زائد افراد کے اجتماع پر امتناع ہوگا ۔ انہوں نے نے عوام سے کہا کہ وہ کسی پارٹی کا پرچم نہ لہرائیں نہ پلے کارڈز تھامیں۔ کمشنر پولیس نے کہا کہ اس دوران لاوڈ اسپیکر کے استعمال پر بھی پابندی رہے گی ۔