خصوصی ٹاسک فورس کی تشکیل، کمشنر بلدیہ کی متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت
حیدرآباد۔11جولائی (سیاست نیوز) حکومت نے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ کسی بھی مقام پر کی جانے والی غیر مجازتعمیرات کے خلاف فوری کاروائی کرتے ہوئے ان کے انہدام کو یقینی بنائیں۔ ریاستی حکومت کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے دونوں شہروں میں ہونے والی غیر مجاز تعمیرات کے خلاف کاروائی کیلئے خصوصی ٹاسک فورس کی تشکیل عمل میں لائی جاچکی ہے لیکن اس کے باوجود دونوں شہروں میں غیر مجاز تعمیرات کا سلسلہ جاری ہے۔ حکومت کی جانب سے بغیر اجازت تعمیر کی جانے والی عمارتوں کے سلسلہ میں اختیار کردہ سخت موقف کے باوجود بعض بلڈرس کی جانب سے معصوم شہریوں کو گمراہ کرتے ہوئے بغیر اجازت تعمیر کئے گئے فلیٹس اور وہ اراضیات فروخت کی جارہی ہیں جن کے لے آؤٹ منظورہ نہیں ہیں۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں جاری تعمیراتی کاموں کے سلسلہ میں کمشنر بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر لوکیش کمار نے ٹاسک فورس کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ ٹاسک فورس کی تشکیل کے بعد سے اب تک کی گئی کاروائیوں کی تفصیلات انہیں روانہ کریں۔ذرائع کے مطابق جی ایچ ایم سی کی جانب سے ٹاؤن پلاننگ سیکشن جو کہ تعمیرات کے امور کا نگران شعبہ ہے اور اجازت ناموں کی اجرائی کے علاوہ بغیر اجازت کی جانے والی عمارتوں کے خلاف کاروائی اسی شعبہ کی جانب سے کی جاتی ہے اسی کے طرز پر علحدہ ٹاسک فورس کے شعبہ کی تشکیل کا جائزہ لیا جا رہاہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ کمشنر جی ایچ ایم سی کی جانب سے محکمہ بلدی نظم و نسق کو علحدہ ٹاسک فورس کے شعبہ کی تشکیل کے سلسلہ میں تجاویز روانہ کردی گئی ہیں اور ان تجاویزمیں شعبہ کو نہ صرف غیر مجاز تعمیرات کے خلاف رکھنے بلکہ اس شعبہ کے ذریعہ تالابوں‘ پارک کی اراضیات ‘ فٹ پاتھ اور دیگر مقامات پر کی جانے والی تعمیرات کے خلاف کاروائی کا بھی اختیار دینے کی حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے ۔