حیدرآباد۔ 23 فروری (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن اپنی حدود میں کم قیمت پر کھانے کی پیشکش کرنے والے اناپورنا فوڈ کیوسک کو بحال کرنے کی تیاری کررہے ہیں۔ جی ایچ ایم سی کمشنر البارتھی کی صدارت میں منعقد میٹنگ میں اناپورنا کیوسک کے احیاء کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دی ۔ جی ایچ ایم سی کے چیف انجینئر بھاسکر ریڈ کو اس کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا اور محکمہ صحت کے ایڈیشنل کمشنر پنکجا اور محکمہ اشتہارات کے وینو گوپال ریڈی کو اس کے ارکان کے طور پر مقرر کیا گیا۔ خصوصی کمیٹی نے ہفتہ کو بی آر امبیڈکر سکریٹریٹ کے قریب واقع اناپورنا کیوسک کا معائنہ کیا۔ کمیٹی نے کیوسک پر دوپہر کا کھانا کھایا اور وہاں پر پیش کئے جانے والے کھانے کے معیار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ عہدیداروں نے لکڑی کا پل کے قریب دو دیر مقامات پر اناپورنا کینٹین کی کا بھی معائنہ کیا۔ اناپورنا فوڈ اسکیم 2014 سے تلنگانہ حکومت کا اہم فوڈ پروگرام ہے جو حیدرآباد میں شہری غریبوں، خاص طور پر یومیہ اجرت والے کارکنوں کو کھانا فراہم کرتا ہے۔ اناپورنا فوڈ کیوسک کے ذریعہ حکومت کا مقصد 5 روپے میں کھانا پیش کرنا ہے۔ کیوسک میں چاول، سانبر، سالن اور اچار شامل ہوں گے۔ 2014 میں جی ایچ ایم سی حدود میں 150 اناپورنا کینٹین قائم کی گئی تھی جو 2022 میں روزانہ 45 ہزار افراد کو کھانا فراہم کررہے تھے۔( ش)