جی ایچ ایم سی شہر میں 358 مخدوش عمارتوں کو منہدم کرنے کوشاں

   

عمارتوں کے مالکین سے رابطہ پر زور ، بارش کے پیش نظر ملازمین کے رخصتیں منسوخ
حیدرآباد۔13۔اگسٹ(سیاست نیوز) مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں واقع 358 مخدوش عمارتوں کے حصول اور ان کے انہدام کے اقدامات کو تیز کیا جائے اور جی ایچ ایم سی کے شعبہ ٹاؤن پلاننگ میں خدمات انجام دینے والے تمام عہدیدارو ملازمین شہر میں موجود رہتے ہوئے اپنی خدمات کو بہتر بنائیں۔ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر آر وی کرنن نے جی ایچ ایم سی عملہ کی رخصتوں کو منسوخ کرتے ہوئے دونوں شہروں میں موجود تمام مخدوش عمارتوں کے مالکین سے رابطہ کرتے ہوئے انہیں ان جائیدادوں کا تخلیہ کرنے کے لئے آمادہ کریں تاکہ آئندہ 3 یوم کے دوران ہونے والی والی موسلادھار بارشوں کے سبب ہونے والے امکانی حادثات سے شہریوں کو محفوظ رکھنے کے اقدامات کئے جاسکیں۔ عہدیداروں کے مطابق بلدی حدود میں جملہ 685 مخدوش عمارتوں کی مانسون سے قبل نشاندہی کی گئی تھی اور ان میں 327 عمارتوں کو حاصل کرتے ہوئے انہیں منہدم کردیا گیا یا مکینوں کا تخلیہ کرواتے ہوئے ان جائیدادوں کو مہر بند کیاگیا ہے لیکن اس کے علاوہ 358مخدوش جائیدادیں موجود ہیں جنہیں حاصل کیا جانا ہے۔ کمشنر جی ایچ ایم سی مسٹر آر وی کرنن نے بلدی حدود میں جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لینے اور جن تعمیرات میں سیلر کی کھدوائی جاری ہے اسے فوری طور پر روکنے کے اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے اپنے ماتحت عہدیداروں کے لئے جاری کردہ ہدایات میں کہاکہ تمام تعمیرات کی تفصیلات جمع کرتے ہوئے انہیں پیش کی جائیں۔ بتایا جاتا ہے کہ دونوں شہرو ںمیں 154 ایسی تعمیرات کی نشاندہی کی گئی ہے جہاں سیلر کی کھدوائی کا عمل جاری ہے لیکن ان میں 61 تعمیرات میں ریٹیننگ وال کی تعمیر مکمل کی جاچکی ہے جبکہ 93 تعمیرات میں دیوار کی تعمیر کا عمل جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں جاری تعمیرات کی تفصیلات کے مطابق جی ایچ ایم سی نے 52 غیر قانونی سیلر کی کھدوائی کی نشاندہی کی ہے اور ان کے خلاف کاروائی کو یقینی بنانے کے لئے نوٹسوں کی اجرائی عمل میں لائی جاچکی ہے۔ مسٹر آر وی کرنن نے جی ایچ ایم سی حدود میں آئندہ 3یوم کے دوران ہونے والی امکانی بارشوں کے نتیجہ میں پیدا ہونے والے حالات سے نمٹنے کے لئے اقدامات کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ جی ایچ ایم سی میں خدمات انجام دینے والے عہدیدار بغیر پیشگی اجازت حاصل کئے شہر کے باہر نہ جائیں اور اگر کوئی ایسا کرتا ہے تو ان کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔3