جی ایچ ایم سی چناؤ کے بعد کے سی آر نے بی جے پی سے اتحاد کا پیشکش کیا تھا،میئر کے عہدہ کا لالچ دیا گیا ،بنڈی سنجے کا بیان

   

حیدرآباد ۔ /11جولائی ( سیاست نیوز)کریم نگر کے رکن پارلیمنٹ اور تلنگانہ بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے نے دعویٰ کیا کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں بی جے پی کے زیادہ نشستیں جیتنے کے بعد چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ دہلی گئے تھے اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات کئے تھے اور بی جے پی کو میئر حیدرآباد کے عہدہ کا پیشکش کیا تھا لیکن مرکزی وزیر داخلہ نے ٹی آر ایس سے اتحاد کا پیشکش مسترد کردیا۔ بنڈی سنجے نے کہا کہ بی جے پی ایسی پارٹیوں اور قائدین سے اتحاد نہیں کرتی جو کرپشن کے الزامات کا سامنا کررہے ہیں۔ بی جے پی ٹی آر ایس سے اتحاد نہیں کرے گی جس کا جی ایچ ایم سی میں ایم آئی ایم سے گٹھ جوڑ ہے۔ بنڈی سنجے نے کہا کہ تلنگانہ کے عوام مناسب وقت پر اپنا ردعمل ظاہر کریں گے۔