گذشتہ سال کی بہ نسبت 200 کروڑ زیادہ ریکارڈ، آخری دن 60 کروڑ روپئے کی آمدنی
حیدرآباد ۔ یکم؍ اپریل (سیاست نیوز) جائیداد ٹیکس کی وصولی میں جی ایچ ایم سی نے نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ پہلی مرتبہ 1681.72 کروڑ روپئے کی آمدنی ہوئی ہے۔ گذشتہ سال یکم ؍ اپریل سے جاریہ سال 31 مارچ تک تقریباً 13.5 لاکھ سے زائد افراد سے جائیداد ٹیکس وصول کیا گیا ہے۔ گذشتہ 2021-22ء میں 1495.29 کروڑ روپئے جائیداد ٹیکس وصول ہوا تھا۔ جاریہ سال اس سے 200 کروڑ سے زیادہ جائیداد ٹیکس وصول ہوا ہے۔ ایرلی برڈ اسکیم کے ذریعہ 741.35 کروڑ روپئے کی آمدنی حاصل ہوئی ہے۔ جی ایچ ایم سی کے کمشنر لوکیش کمار کے علاوہ دوسرے اعلیٰ عہدیداروں نے مختص کردہ جائیداد ٹیکس کا نشانہ حاصل کرنے کیلئے روزانہ جائزہ اجلاس طلب کیا ہے۔ سب سے زیادہ شیر لنگم پلی، جوبلی ہلز، خیرت آباد، بیگم بازار، چندہ نگر سرکلس میں جائیداد ٹیکس وصول ہوا ہے۔ سب سے کم ٹیکس فلک نما سرکل میں وصول ہوا ہے۔ 4.5 لاکھ افراد نے جائیداد ٹیکس ادا نہیں کیا ہے۔ 2 ہزار کروڑ روپئے جائیداد ٹیکس وصول کرنے کا نشانہ مختص کیا گیا تھا۔ جن لوگوں نے مالیاتی سال کے اختتام سے قبل جائیداد ٹیکس ادا نہیں کیا ہے، یکم ؍ اپریل سے ان پر 2 فیصد سود عائد کیا جائے گا۔ جائیداد ٹیکس ادا کرنے کے آخری دن 60 کروڑ روپئے کی آمدنی ہوئی ہے۔ خیرت آباد زون سے 435.57 کروڑ، چارمینار زون میں 122.86 کروڑ، شیرلنگم پلی زون سے 348.60 کروڑ، ایل بی نگر زون سے 259.06 کروڑ، کوکٹ پلی زون سے 282.18 کروڑ، سکندرآباد زون سے 233.44 کروڑ روپئے جائیداد ٹیکس وصول ہوا ہے۔ن