جی ایچ ایم سی کے 11,538 کروڑ روپئے کے بجٹ کو منظوری

   

5,188 کروڑ کے مصارف سے ایک لاکھ ڈبل بیڈ روم فلیٹس کی تیاری کا منصوبہ : مئیر رام موہن
حیدرآباد ۔ 9 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے جنرل باڈی اجلاس نے سال 2019-20 کے بجٹ 11,538 کروڑ کو منظوری دے دی ہے ۔ آج منعقدہ اجلاس میں متفقہ طور پر بجٹ کو منظور کرلیا گیا ۔ مئیر حیدرآباد بی رام موہن کی جانب سے پیش کردہ بجٹ کو اجلاس میں متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا ۔ مئیر حیدرآباد بی رام موہن کی جانب سے پیش کردہ بجٹ کو اجلاس میں متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس بجٹ میں 6,150 کروڑ جی ایچ ایم سی کے حوالے کیا جائے گا ۔ جب کہ دیگر کارپوریشنس ہاوزنگ کارپوریشن حیدرآباد روڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے لیے 5388 کروڑ مختص کئے جائیں گے ۔ جی ایچ ایم سی کے لیے 3210 کروڑ ریونیو کے ذریعہ آمدنی حاصل ہوتی ہے جب کہ 733 کروڑ کیاپٹل ریسیٹ کے ذریعہ حاصل ہوگی اور باقی رقم بینک قرض اور بانڈز کی شکل میں حاصل ہوتی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ 1694 کروڑ جائیداد ٹیکس کی شکل میں حاصل ہوتی ہے ۔ مئیر حیدرآباد نے بتایا کہ 14 ویں فینانس کمیشن کے تحت 418.82 کروڑ روپئے مرکزی و ریاستی حکومتوں کے ذریعہ حاصل ہوتے ہیں ۔ شہر میں سگنل فری نظام کو قائم کرنے کے لیے 3500 کروڑ روپئے بانڈز اور قرض کی شکل میں حاصل کرنے پر سابق میں اتفاق کرلیا گیا تھا ۔ جس کے تحت 2500 کروڑ قرض اور مزید ایک ہزار کروڑ روپئے بانڈز کی شکل میں ضرورت کے لحاظ سے حاصل کئے جائیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ تاحال 395 کروڑ روپئے بانڈز کی شکل میں حاصل کئے گئے ہیں۔ جس کے تحت فی الحال شہر میں 4 فلائی اوورس کی تعمیر مکمل کرلی گئی ہے اور چند کا کام جاری ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے 5188 کروڑ کے اخراجات سے ایک لاکھ ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیر کے نشانہ میں تاحال 30,562 مکانات تکمیل کے مراحل میں ہیں اور ان کی تقسیم ریاستی حکومت کی جانب سے دئیے گئے اصول و ضوابط کے حصول ہونے کے بعد مختص کئے جائیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ شہر میں سوچ حیدرآباد پروگرام کے تحت گھر گھر سے کچرا حاصل کرنے کا باقاعدہ پروگرام جاری ہے اور نظم و نسق کو بہتر بنانے کے لیے دفتر میں بائیو میٹرک نظام کو متعارف کیا گیا ۔ شہر میں اسٹریٹ لائٹس کے لیے 44 کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں ۔ مئیر حیدرآباد نے بتایا کہ شہر حیدرآباد کو گرین سٹی میں بدلنے کے لیے ایک کروڑ پودے لگائے جائیں گے ۔۔
ڈرائیور کی حاضر دماغی آر ٹی سی بس کا ایک بڑا حادثہ ٹل گیا
حیدرآباد ۔ 9 ۔ فروری : ( این ایس ایس ) : کوکٹ پلی پولیس اسٹیشن کے حدود میں موسیٰ پیٹ کے قریب آر ٹی سی بس ڈرائیور کی چوکسی اور حاضر دماغی کے سبب ایک بڑا حادثہ ٹل گیا ۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق ایک آر ٹی سی بس جمعہ کو 11 بجے شب 49 مسافرین کے ساتھ لنگم پلی سے وجئے واڑہ روانہ ہورہی تھی کہ موسیٰ پیٹ کے قریب اس کے پہیہ کے بولٹس کھل گئے اور بس اچانک ہچکولے لینے لگی جس کے نتیجہ میں مسافرین عملاً دہل گئے اور اپنی جان بچانے کے لیے دعائیں کرنے لگے ۔ تاہم چوکس و حاضر دماغ ڈرائیور عثمان نے بس کو بحفاظت روک لیا اور مسافرین کو ایک نئی زندگی مل گئی ۔۔