جی20 اجلاس کا دوسرا روز’چین کی عدم شرکت سے فرق نہیں پڑتا‘

   

سرینگر: کشمیر کے شہر سرینگر میں جی20 اجلاس کا آج دوسرا روز ہے جو 24 مئی تک جاری رہے گا اور شہر بھر میں سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔میڈیاکے مطابق اجلاس میں شرکت کیلئے آنے والے مندوبین کو انڈیا کے روایتی انداز میں خوش آمدید کہا گیا۔ مندوبین کی آمد کے وقت سرینگر ایئرپورٹ پر مقامی فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ بھی کیا۔اجلاس کا آغاز’فلم ٹورازم اکنامک گروتھ اینڈ کلچرل پریزرویشن‘ کے موضوع پر ایک ضمنی پروگرام سے ہوا۔ اجلاس کا انتظام کرنے والی کمیٹی کے سربراہ شیرپا امیتابھ کانت نے صحافیوں کو بتایا کہ ’ہم کو بہت اچھا رسپانس ملا ہے اور مختلف ممالک سے 61 مندوبین پہنچے ہیں۔‘کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کیلئے شہر بھر میں انتہائی سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں اور مقامی پولیس کو نیشنل سکیورٹی گارڈ اور کمانڈوز کی مدد بھی حاصل ہے۔شیر کشمیر انٹرنیشنل کنونشن سنٹر جہاں اجلاس منعقد ہو رہا ہے، کی جانب والی سڑکوں کو بند کر دیا گیا ہے اور اردگرد کے علاقہ کو تین روز کیلئے نوگو زون قرار دیا گیا ہے۔اسی طرح ایرپورٹ سے شیر کشمیر سنٹر تک مختلف مقامات پر فورسز کی بھاری نفری بھی تعینات کی گئی ہے۔