جے این یو طلباء عمار جامی،شاداب عالم اور محمد اظہار نے ہندوستان کا نام روشن کیا

   

ترکی میں ’ڈبیٹنگ چمپئن شپ‘
نئی دہلی/استنبول: ترکی کے قدیم شہر استنبول میں منعقد ہونے والے بین الاقوامی مباحثہ ‘ڈبیٹنگ چمپئن شپ’کے سیمی فائنل میں پہنچ کر جواہر لال نہرو یونیورسٹی (جے این یو) کے طلباء عمار جامی،شاداب عالم اور محمد اظہار نے ہندوستان کا نام روشن کیا۔رواں برس ترکی کے فتح محمد سلطان یونیورسٹی میں 17سے 23 جون تک منعقد ہونے والے چھٹے ‘انٹرنیشنل یونیورسٹیز ڈبیٹنگ چمپئن شپ’ کے اس پروگرام میں فری ٹریڈ، ڈیمو کریسی، ویب سیریزاور پرائیویسی کے موضوعات پرعربی زبان میں مباحثے ہوئے ۔ طلبانے سماجی مشکلات، عالمی چیلنجیز اور عصری مسائل پراپنا موقف پیش کیا۔ عرب، ایشیا، یورپ اور امریکہ کے 48 ممالک کی90 یونیورسیٹز کے 500 طلبانے اس تقریب میں حصہ لیا۔ہندوستان سے جواہر لال نہر و یونیورسٹی (جے این یو)نئی دہلی کے تین طلبا عمار جامی، شاداب عالم اور محمد اظہار شریک ہوئے ۔ جے این یو کی سہ رکنی ٹیم آذر بائیجان،پولینڈ اور ملیشیا کو شکست دیتے ہوئے سیمی فائنل تک پہنچی اور انٹر نیشنل اسٹیج پر ہندوستان کا نام روشن کیا۔ ہندوستانی ٹیم عراق کی بغداد یونیورسٹی سے ایک نمبر کم لا کر پیچھے رہ گئی۔فائنل میں لیبیا کی ٹیم کو کامیابی ملی۔پروگرام کے آرگنائزر عبدالرحمن السبائی نے کہاکہ قطر ڈیبیٹ ہر دو سال بعدانٹر نیشنل یونیورسٹیز ڈبیٹنگ چمپئن شپ کا انعقاد کرتا ہے ، جو کہ عربی مباحثے کے فن سے متعلق سب سے بڑا عالمی ایونٹ ہے ۔چیمپئن شپ مباحثے کے میدان میں روشن ذہنوں کے لیے انٹر نیشنل فورم ہے ۔ ایلیٹ اکیڈمی کے ممبران اور گریجویٹس کے ساتھ قطر ڈبیٹ کے جج اور دونوں ملکوں کے سفیر بھی اس مسابقے میں شریک رہے ۔ پروگرام میں ترکی کی عظیم شخصیات اور ماہرین تعلیم کے ہاتھوں سبھی طلبا کو توصیفی اسناد، میڈل اور انعامات سے نوازا گیا۔