جے پور میں عالمی محفل حسن قرأت، مشہور مصری قاری کی شرکت

   

نئی دہلی/ جے پور: عصری، مذہبی اور پیشہ وارانہ تعلیم کا بہترین سنگم جامعتہ الہدایہ جے پور میں 28جنوری کو ‘عالمی محفل حسن قرأت’ کا انعقاد ہونے جارہا ہے جس میں مصرکے مشہورقاری شیخ عبدالناصر حرک شرکت کریں گ۔ یہ اطلاع جامعتہ الہدایہ جے پور کے سربراہ مولانا فضل الرحیم مجددی نے دی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ قرآن کریم جو کتاب ہدایت ہے ، اس سے محبت وتعلق وعقیدت ہمارے ایمان کاجزء اورمسلمان ہونے کی علامت ہے ، قرآن کی تعلیم،اس کی اشاعت، اوراس کی تلاوت اورقرآن سننے کا جذبہ ہرصاحب ایمان کے دل میں موجزن رہتاہے ، اورخدمت قرآن اوراشاعت قرآن کو وہ اپنی سعادت اورآخرت میں نجات کا ذریعہ تصور کرتاہے ۔انہوں نے کہاکہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے صحابہ کرام کو قرآن مجید کے معانی ومعارف کی تعلیم دینے کے ساتھ ساتھ انہیں قرآن مجیدکی قرأت کی بھی تعلیم دی تھی،آپ ؐ نے خصوصیت کے ساتھ چارصحابہ کرام کو علم قرأت سے فیضیاب فرمایاتھا، اورعام صحابہ کوحکم دیاتھاکہ ان سے قرآن سیکھو،یہ چارصحابہ عبداللہ بن مسعود،سالم مولیٰ حذیفہ، معاذ بن جبل اوراُبی ابن کعب رضوان اللہ علیھم اجمعین تھے ۔