جے پور گیس ٹینکر حادثہ ‘ہائی کورٹ نے از خود نوٹس لیا

   

جے پور : راجستھان ہائی کورٹ نے جے پور۔اجمیر ہائی وے پر بھانکرروٹا کے پاس ایل پی جی ٹینکر دھماکہ معاملہ کا از خود نوٹس لیا ہے۔ عدالت نے آفات انتظامیہ وزارت، پٹرولیم سکریٹری اور چیف سکریٹری سمیت دیگر سے جواب طلب کیا ۔ وہیں عدالت نے معاملہ کو مفاد عامہ کی عرضی کے طور پر سماعت کیلئے متعلقہ بنچ کے سامنے 10 جنوری کو شامل کرنے کو کہا ہے۔ عدالت نے مرکزی و ریاستی حکومت سے اٹھائے گئے اقدامات کی جانکاری بھی مانگی ہے۔ جسٹس انوپ کمار کی سنگل بنچ نے یہ حکم دیا۔ عدالت نے مرکز اور ریاست سے کہا کہ اس حادثہ کے قصوروار افسروں کے خلاف جانچ کرکے لاپروائی برتنے والوں پر کارروائی کی جائے۔ وہیں اتنے زیادہ آتش گیر کیمیکل اور گیس کے گودام وغیرہ کو گھنی آبادی والے علاقے سے دور کیا جائے۔ عدالت نے افسروں سے کہا کہ پلوں اور اوور برج کے تعمیری کاموں کو طے وقت میں پورا کرنے قدم اٹھائے جائیں ساتھ ہی آتش گیر کیمیکل اور گیس کی منتقلی کیلئے الگ راستہ مہیا کرانے پر بھی پالیسی بنائی جانی چاہیے۔ عدالت نے مرکز اور ریاستی حکومت کے متعلقہ محکموں کو کہا کہ واقعہ کے مہلوکین، زخمیوں اور ان سبھی متاثرین کے کنبہ کے اراکین کو مناسب معاوضہ کی رقم دی جائے۔