جے پی نڈا تحدیدات کی پرواہ کئے بغیر سکندرآباد مجسمہ گاندھی پہونچ گئے

,

   

مہاتما گاندھی کو خراج، کارکنوں سے خطاب سے گریز، موم بتی ریالی منسوخ
حیدرآباد 4 جنوری (سیاست نیوز) بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا پولیس کی پابندیوں اور تحدیدات کی پرواہ کئے بغیر ریالی کی شکل میں سکندرآباد پہونچے اور مہاتما گاندھی کے مجسمے پر گلہائے عقیدت پیش کرتے ہوئے خراج ادا کیا۔ ریاستی صدر بنڈی سنجے کی گرفتاری کے خلاف احتجاج میں شرکت کرنے کے لئے جے پی نڈا حیدرآباد پہونچے تھے۔ پولیس نے ایرپورٹ پر اُنھیں واقف کرایا کہ کوویڈ تحدیدات کے تحت ریالی کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ پولیس اگرچہ تحدیدات کے نفاذ کا دعویٰ کررہی ہے لیکن جے پی نڈا کاروں کے طویل قافلوں کے ساتھ ایرپورٹ سے سیدھے سکندرآباد مجسمہ گاندھی پہونچے اور مقررہ پروگرام کے مطابق خراج پیش کیا۔ تاہم وہاں اُنھوں نے بی جے پی کارکنوں سے خطاب نہیں کیا بلکہ سیدھے پارٹی آفس کے لئے روانہ ہوگئے۔ بی جے پی نے احتجاجی ریالی کی کامیابی کا دعویٰ کیا ہے جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ تحدیدات کے مطابق جلسہ کی اجازت نہیں دی گئی۔ ایرپورٹ سے سکندرآباد کے راستے میں سینکڑوں کی تعداد میں بی جے پی کے کارکن موجود تھے اور سکندرآباد میں پارٹی کارکنوں نے سیاہ پرچم لہراتے ہوئے بنڈی سنجے کی گرفتاری پر احتجاج درج کرایا۔ مرکزی وزیر کشن ریڈی نے کہاکہ کوویڈ قواعد کی پابندی کرتے ہوئے موم بتی ریالی منسوخ کردی گئی ہے۔ تاہم مہاتما گاندھی کو خراج ادا کرنے کا پروگرام مکمل کیا گیا۔ سکندرآباد کے کئی علاقوں میں ٹریفک میں بُری طرح خلل پڑا اور پولیس کو ٹریفک کی بحالی میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ بتایا جاتا ہے کہ قومی صدر کی آمد کے پیش نظر پولیس نے ٹکراؤ کا راستہ اختیار کرنے کے بجائے مصالحت کے ذریعہ معاملہ کو ختم کردیا۔ بی جے پی کو باقاعدہ ریالی کی اجازت نہیں دی گئی لیکن جے پی نڈا کو کاروں کے قافلے میں سکندرآباد پہونچنے کی اجازت دی گئی۔ ر