حقوق العباد کا خیال رکھنا ضروری ، بنڈلہ گوڑہ میں خصوصی پروگرام سے علماء کا خطاب
حیدرآباد ۔ یکم ۔ اگست : ( راست ) : حاجی کے سارے صغیرہ و کبیرہ گناہ معاف کردئیے جاتے ہیں اور سعادت حج حاصل ہونے کے ساتھ ہی اس کی زندگی میں ایک انقلابی تبدیلی آتی ہے وہ دوسروں کے لیے نمونہ بن جاتا ہے ۔ یہاں تک کہ حاجی نہ صرف نماز کا پابند بن جاتا ہے بلکہ دوسروں کو بھی نیکیوں کی ترغیب دیتا ہے دعوت دیتا ہے ۔ وہ مرد و خواتین خوش نصیب ہیں جنہیں اللہ تعالیٰ نے اپنا مہمان ( ضیوف الرحمن ) بنایا سعادت حج نصیب فرمائی ۔ پیارے نبی ﷺ کے روضہ مبارک پر حاضری کا شرف بخشا ۔ ان خیالات کا اظہار عرفات ٹورس و حج و عمرہ گروپ پرانی حویلی کی جانب سے حجاج کرام کے اعزاز میں عرفات گارڈن فنکشن ہال ہاشم آباد بنڈلہ گوڑہ میں منعقدہ ایک خصوصی پروگرام سے خطاب میں علماء کرام نے کیا جس کا عنوان ’ حج کی یادیں ۔ حج کی باتیں ‘ تھا ۔ مولانا سعید خاں نے کہا کہ ہم سب کو حقوق العباد کا خیال رکھنا ضروری ہے ۔ مولانا مفتی امجد نے حاجیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہم اللہ والے بن جائیں اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ اللہ نے جو ہمیں سعادت نصیب فرمائی اس کے اجر کا کامل یقین رکھیں ۔ حسن معاشرت اختیار کریں سارے معاملات کو درست رکھیں صلہ رحمی کو اپنائیں ، رشتہ داروں سے تعلقات منقطع کرنے سے گریز کریں تب ہی آپ کی زندگی کامیاب ہوگی ۔ عرفات ٹورس و حج گروپ کے سربراہ حافظ محمد افضل نے حجاج کا خیر مقدم کیا اور بتایا کہ عازمین حج و معتمرین کی خدمت میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی گئی ۔ اس موقع پر بعض حجاج نے اپنے تاثرات بھی پیش کئے۔ آخر میں مولانا حافظ نذیر احمد سبیلی نے دعا فرمائی ۔۔