حارث بنگلہ دیش کے خلاف سب سے زیادہ وکٹیں لینے کے خواہاں

   

کراچی۔22 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بگ بیش لیگ میں عمدہ بولنگ سے شہرت حاصل کرنے والے پاکستانی فاسٹ بولر حارث رؤف نے بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں عمدہ کارکردگی کا عزم ظاہر کرتے سیریز کا بہترین بولر بننے پر نظریں جما لیں۔ راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے حارث رؤف کو لاہور قلندرز نے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے ذریعے تلاش کیا اور انہوں نے پاکستان سوپر لیگ میں اپنی فرنچائز کی نمائندگی بھی کی لیکن انہیں اصل شہرت رواں بگ بیش لیگ میں عمدہ کارکردگی سے ملی۔ پاکستانی فاسٹ بولر نے میلبورن اسٹار کی نمائندگی کرتے ہوئے عمدہ کھیل پیش کیا اور 7میچوں میں 16 وکٹیں حاصل کیں۔ اس عمدہ کارکردگی کی بنا پر بنگلہ دیش کے خلاف ٹی20 سیریز میں حارث کو پاکستانی ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔ پاکستانی ٹیم کے کھلاڑی کی حیثیت سے میڈیا سے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پہلی مرتبہ گفتگو کرتے ہوئے حارث رؤف نے کہا کہ وہ سیریز میں دباؤ محسوس نہیں کریں گے اور اس سے ان کے حوصلے میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ لیگ کرکٹ اور ملک کے لیے کھیلنے میں فرق ہے، دونوں کے لیے کھیلتے ہوئے الگ جذبات ہوتے ہیں لیکن اپنے مقامی شائقین کے سامنے کھیلتے ہوئے دباؤ کے بجائے حوصلے میں اضافہ ہوتا ہے اور میں اس کو مثبت انداز میں لے رہا ہوں۔بگ بیش لیگ میں کامیابی کے بعد حارث رؤف کو ٹی20 کا ماہرقرار دیا جا رہا ہے لیکن فاسٹ بولر تمام فارمیٹس میں ٹیم کی نمائندگی کے خواہشمند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرا مقصد مستقل اور طویل عرصے تک پاکستان کی نمائندگی کرنا ہے، میں تمام فارمیٹس میں پاکستان کی نمائندگی کرنا چاہتا ہوں۔ حارث نے بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ میں نے بگ بیش میں 150 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بولنگ کی اور آنے والی سیریز میں زیادہ سے زیادہ تیز بولنگ کر کے وکٹیں حاصل کرنے کی کوشش کروں گا۔