حالت نشہ میں بحث ،دوست نے دوست کی ناک کتر دی

   

حیدرآباد ۔ /29 جنوری (سیاست نیوز) سنجیو ریڈی نگر پولیس اسٹیشن حدود میں پیش آئے ایک واقعہ میں ایک دوست نے اپنے دوست کی ناک کتردی ۔ تفصیلات کے مطابق 47 سالہ وینو گوپال ریڈی اور 35 سالہ رمیش آپس میں دوست ہے اور دونوں کے درمیان پرانے تعلقات ہے ۔ منگل کی شب دونوں نے ایس آر نگر علاقہ میں وینو گوپال ریڈی کے مکان میں شراب نوشی کی جس کے بعد رقمی لین دین کے مسئلہ پر دوستوں کے درمیان بحث و تکرار ہوئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ وینو گوپال نے اپنے دوست رمیش کی موٹر سائیکل ایک مقامی فینانسر کے پاس رہن رکھ دی تھی اور اسے لوٹانے سے گریز کررہا تھا ۔ حالت نشہ میں رمیش نے اپنے دوست کو پرانا حساب چکانے اور موٹر سائیکل واپس کرنے پر اصرار کیا جس پر وینو گوپال ریڈی نے اسے گالی دی ۔ جس کے نتیجہ میں رمیش نے اپنے دوست کی ناک کتر دی ۔ اس واقعہ میں وینو گوپال ریڈی شدید زخمی ہوگیا اور اس کی ناک کا ایک بڑا حصہ نیچے گرگیا ۔ زخمی حالت میں وینو گوپال نے ایس آر نگر پولیس کو بذریعہ فون اطلاع دی ۔ جس کے نتیجہ میں پولیس کی ایک ٹیم وہاں پہونچ کر زخمی کو گاندھی ہاسپٹل منتقل کیا ۔ انسپکٹر ایس آر نگر ایس مرلی کرشنا نے بتایا کہ رمیش اور وینو گوپال ریڈی کے درمیان رقمی لین دین کو لیکر اختلافات تھے اور آج رمیش نے اپنے دوست پر حملہ کرتے ہوئے اپنی ناک کتر دی ۔ کو حراست میں لے لیا ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے حملہ آور کو حراست میں لے لیا۔