حالت نشہ میں سال نو کے پروگرام میں ہنگامہ آرائی

   


حیدرآباد : یکم / جنوری (سیاست نیوز) شہر کے علاقہ سعیدآباد میں کل رات دیر گئے ایک شادی خانہ میں اُس وقت ہلکی سی کشیدگی پھیل گئی جب جشن سال نو کے موقع پر حالت نشہ میں بعض افراد نے ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے ایک دوسرے پر شراب کی بوتلوں سے حملہ کردیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ نووافیسٹوا ایونٹ کی جانب سے سعیدآباد وجئے گارڈن میں جشن سال نو کی تقریب کا انعقاد عمل میں لایا گیا تھا جہاں پر کثرت سے شراب نوشی کی گئی ۔ جشن کے دوران بعض نوجوانوں کے درمیان لفظی جھڑپ ہوئی جس کے نتیجہ میں نوجوانوں نے ایک دوسرے پر کرسیوں اور شراب کی بوتلوں سے حملہ کردیا ۔ اس واقعہ کے بعد جشن کے دوران سنسنی پھیل گئی اور سعیدآباد پولیس کی ایک ٹیم وہاں پہنچ کر حالت کا جائزہ لیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ پولیس نے اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرلیا ہے ۔