حالت نشہ میں ڈرائیونگ کے خلاف سخت انتباہ

   

Ferty9 Clinic

خصوصی مہم کا آغاز، خلاف ورزی پر سزا اور لائسنس کی منسوخی
حیدرآباد 25 ڈسمبر (سیاست نیوز) حیدرآباد پولیس کمشنر وی سی سجنار نے چہارشنبہ کی رات نشے میں ڈرائیونگ کرنے والوں کے خلاف پولیس چیکنگ کی جانچ کی۔ سٹی پولیس نے تلنگانہ اسٹڈی سرکل بنجارہ ہلز میں پولیس چیکنگ کا معائنہ کیا اور عملہ کی کارکردگی کا مشاہدہ کیا اور انھیں ہدایات دی۔ کمشنر نے نشہ میں دھت افراد سے بات کرتے ہوئے انھیں شراب کے نشے میں ڈرائیونگ کے خطرات سے آگاہ کیا۔ 23 ڈسمبر کو حیدرآباد کمشنر نے اعلان کیا تھا کہ 24 ڈسمبر سے نئے سال تک نشے میں ڈرائیونگ کے خلاف خصوصی مہم چلائی جائے گی اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا انتباہ دیا۔ سجنار نے پولیس حکام کو کرسمس اور نئے سال کے موقع پر اہم مقامات پر سخت سکیوریٹی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ کمشنر نے کہاکہ نئے سال کے موقع پر 100 مقامات پر نشے میں ڈرائیونگ کی چیکنگ کی جائے گی۔ ساتویں پلاٹون کے اہلکاروں کو بھی تعینات کیا جائے گا۔ انھوں نے کہاکہ نشے میں ڈرائیونگ کرنے والوں کو دس ہزار روپئے جرمانہ اور چھ ماہ تک قید کا سامنا بھی کرنا پڑسکتا ہے۔ انھوں نے انتباہ دیا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کا ڈرائیونگ لائسنس مستقل طور پر منسوخ کیا جاسکتا ہے۔ کمشنر نے کہاکہ نئے سال کے موقع پر بائیک ریسنگ اور اسٹنٹ میں ملوث افراد کے خلاف بھی کارروائی کا انتباہ دیا۔ نئے سال کے موقع پر تقریبات کے دوران خواتین کی حفاظت کے لئے 15 شی ٹیمیں تعینات کی جائیں گی۔ انھوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ نئے سال کی تقریب محفوظ طریقہ سے منائیں۔ ان کی ایک غلطی اہل خانہ کے لئے مصیبت بن سکتی ہے اور والدین بھی اپنے بچوں کو گاڑی چلانے نہ دیں۔ بائیک ریسنگ کرتے ہوئے حادثہ کا شکار ہوسکتے ہیں۔ والدین کو اپنے بچوں کا خاص خیال رکھنے پر زور دیا۔ (ش)