ملزمین کے لائسنس منسوخ کرنے پر غور ، انسداد حادثات کے لیے کمشنران پولیس کی تجویز
حیدرآباد۔24فروری(سیاست نیوز) نشہ کی حالت میں گاڑی چلانے والوں کے خلاف کی جانے والی پولیس کی کاروائی کے باوجود نشہ کی حالت میں گاڑی چلانے والوں کی تعداد میں کوئی کمی واقع نہیں ہوئی ہے اور اب محکمہ پولیس کی جانب سے اس بات پر غور کیا جا رہا ہے کہ شہر حیدرآباد اور اطراف کے کمشنریٹ کے حدود میں نشہ کی حالت میں گاڑی چلاتے ہوئے پکڑے جانے والوں کے لائسنس کی تنسیخ کے سلسلہ میں محکمہ روڈ ٹرانسپورٹ اتھاریٹی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے سفارش کی جائے۔ شہر میں آئے دن حادثات میں ہورہے اضافہ کو روکنے کیلئے محکمہ پولیس کی جانب سے چلائی جانے والی اس مہم کے سلسلہ میں بتایاجاتا ہے کہ کوئی خاص اثرات مرتب نہیں ہورہے ہیں بلکہ جو لوگ نشہ کی حالت میں گاڑی چلاتے ہوئے پکڑے جا رہے ہیں ان پر بھاری جرمانہ کے باوجود وہ دوبارہ اس جرم کے مرتکب بننے لگے ہیں۔ شہر کے تینوں کمشنریٹ کا جائزہ لینے پر یہ بات سامنے آئی ہے کہ سب سے زیادہ نشہ کی حالت میں گاڑی چلانے والوں پر مادھاپور پولیس اسٹیشن کے حدود میں مقدمات درج کئے گئے ہیںجن کی تعداد 54 ہے اسی طرح کوکٹ پلی میں 31مقدمات کا اندراج گذشتہ دو یوم کے دوران عمل میں لایا گیا ہے گچی باؤلی میں بھی 31مقدمات درج کئے گئے ہیں اور 24مقدمات بالانگر پولیس اسٹینش کے حدود میں درج کئے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق شہر میں موٹر سیکل سواروں کی بھی بڑی تعداد نشہ کی حالت میں گاڑی چلانے کے جرم کی مرتکب ہورہی ہے اور گذشتہ تین یوم کے دوران124 موٹر سیکل سواروں کو نشہ کی حالت میں گاڑی چلانے کے الزام میں مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ محکمہ پولیس کے عہدیداروں کا کہناہے کہ بعض کیاب ڈرائیور اور پروفیشنل ڈرائیورس بھی حالت نشہ میں گاڑی چلانے کے جرم کا ارتکاب کرتے ہوئے حراست میں لئے گئے ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ شہر حیدرآباد میں سڑک حادثات کی روک تھام کیلئے چلائی جانے والی اس خصوصی مہم کے دوران حالت نشہ میں گاڑی چلاتے ہوئے پکڑے جانے والوں میں ایک ایسا موٹر سیکل سوار بھی شامل ہے جس کے خون میں 17 گنا زیادہ نشہ آور مادہ پایا گیا ہے جبکہ مزید 5 ایسے ڈرائیور کے خلاف کاروائی کی گئی ہے جن کے خون میں 300 پوائینٹس سے زیادہ نشہ آور مادہ کی موجودگی کا پتہ چلا ہے۔ عہدیدارو ںکا کہنا ہے کہ 21 تا30 کی عمر کے نوجوانوں کی بڑی تعداد ہے جو حالت نشہ میں گاڑی چلاتے ہوئے پکڑی گئی ہے اور اسی طرح 34کیاب ڈرائیورس ہیں جو حالت نشہ میں گاڑی چلاتے ہوئے پکڑے گئے ہیں۔