حیدرآباد /25 اگست ( محمد محمود علی خان ) حیدرآباد ٹریفک پولیس کی جانب سے شراب نوشی کرکے گاڑی چلانے والوں کے خلاف خصوصی مہم چلائی جارہی ہے جس میں 23 دنوں میں 4056 افراد کے خلاف مقدمات درج کئے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق 12 اگست کو ایک ہی دن میں حالت نشہ میں گاڑیاں چلانے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 65 افراد کو جیل کی سزا سنائی گئی ۔ ٹریفک پولیس کے بموجب شہر کے مختلف علاقوں میں 3 ہزار 495 چارج شیٹس داخل کئے گئے ۔ 300 سے زائد ڈرائیورس کو ایک تا دس دن کی جیل کی سزا سنائی گئی ۔ 32 شرابیوں کو دو دن تک سماجی خدمات کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ۔ عدالت کی ہدایت پر 19 افراد جنہوں نے شراب نوشی کرکے گاڑی چلائی تھی آر ٹی او نے دو تا چھ ماہ ڈرائیونگ لائیسنس کو معطل کردیا ۔ شراب نوشی کرکے گاڑی چلانے والوں میں سب سے زیادہ ٹو وہیلرس کی تعداد ہے جو 3459 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا جنہیں ٹریفک ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ گوشہ محل اور بیگم پیٹ میں افراد خاندان کو طلب کرکے کونسلنگ کی گئی ۔ ٹریفک پولیس عہدیداروں نے بتایا کہ حالت نشہ میں گاڑی چلانا موٹر وہیکل ایکٹ کے تحت ایک جرم کے مترادف ہے ۔